Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غزہ پر اسرائیلی بربریت میں تیزی، تازہ ترین حملوں میں مزید 72 فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج نے غزہ میں بربریت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، تازہ ترین حملوں میں ایک بار پھر امداد کے حصول کے لیے کھڑے ضرورتمندوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں مزید 72 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اتوار کو اسرائیل کی جانب سے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں ایک پناہ گزین اسکول پر بھی بمباری کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: غزہ میں غذائی قلت نے ہولناک صورتحال اختیار کرلی، 66 بچے شہید

اس کے علاوہ غزہ میں  امداد کے منتظر فلسطینیوں پر بھی حملہ ہوا، اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 72 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ایران سے جنگ بندی کے بعد غزہ میں بڑے آپریشن کی تیاری کرتے ہوئے شمالی غزہ کے گنجان آباد علاقوں کو فوری خالی کرنے کا حکم دے دیا۔

اتوار کو اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مشرقی زیتون، تفاح، دراج، صبرہ، جبالیہ البلد، جبالیہ کیمپ اور تل الزعتر سمیت مجموعی طور پر17 علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر جنوبی علاقے المواسی کیمپ کی جانب منتقل ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کا عندیہ دینے کے بعد مزید 80 فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج کی جانب سے عوام کو خبردار کیا گیا ہےکہ فوجی کارروائیاں مزید شدت اختیار کریں گی، اگر ان علاقوں کو فوری خالی نہ کیا گیا تو یہاں کے مکینوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں آپریشن مکمل کرنے کے بعد اسے وسطی علاقوں تک پھیلانے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیلی فوج نے غزہ پر بے رحمانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہیں جن میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت 56 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ جبکہ آزاد ذرائع کے مطابق شہید فلسطینیوں کی تعداد 54 ہزار ہوچکی ہے۔

متعلقہ خبریں