انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) شافری شامس الدین نے جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) شافری شامس الدین نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) سے ملاقات کی۔
انڈونیشیا کے وزیر دفاع کی قیادت میں آنے والے وفد میں مختلف عسکری اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندگان بھی شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطباق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور فوجی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ دوستی اور عسکری تعاون کو اجاگر کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ وزیر دفاع انڈونیشیا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) شافری شامس الدین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان آرمی کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔



















