اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے بلاول بھٹو کے بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے سندھ میں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کردیا۔
مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریفرنڈم کی بات کرنے پر کسی کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے، پیپلز پارٹی کے پاس دکھانے کے لیے کارکردگی نہیں ہے، بلاول بھٹو کی ناراضگی اس بات کی تصدیق ہے کہ ان کو عوام کا فیصلہ پتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت 8 ہزار 884 ارب روپے صوبوں کو دیے گئے، سندھ کو 17 سال میں این ایف سی کے تحت 22 ہزار ارب روپے دیے گئے،2017 کی مردم شماری میں ہماری آبادی ایک کروڑ 40 لاکھ دکھائی گئی جبکہ ڈیجیٹل مردم شماری میں سندھ کی آبادی 10 لاکھ کم کردی گئی، حکومت کی مداخلت سے درست مردم شماری ہوئی، سندھ کی آبادی 2 کروڑ 3 لاکھ ہے، وزیراعلیٰ نے وقت سے پہلے ہی کراچی کی مردم شماری بند کردی تھی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو کی جانب سے سندھ میں خون بہنے کی بات افسوسناک ہے، کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، نوابشاہ اور سکھر اردو بولنے والے مہاجروں کے اکثریتی شہرہیں، پورے ملک میں نہیں صرف سندھ میں کوٹا سسٹم ہے، سندھ پر 18 سال سے پیپلز پارٹی حکمران ہے۔
رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ آئینی ترامیم کے بعد 22 ہزار ارب روپے سندھ کو ملے ہیں، بلاول بھٹو کی سندھ سے متعلق بات پر افسوس ہوا، بلاول بھٹو ایک بڑی پارٹی کے لیڈر ہیں، انہوں نے کہا کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، سکھر میں کون بہے گا۔
انکا کہنا تھا کہ ملک بھر میں انتظامی یونٹس پر بات ہو رہی ہے، بلاول بھٹو کو معلوم نہیں 79 سال سے مہاجروں کی نسل کشی ہو رہی ہے، بینظیر بھٹو راولپنڈی میں شہید ہوئیں، کراچی کو جلا دیا گیا، بینظیر بھٹو کی شہادت پر لانڈھی انڈسٹریل زون میں فیکٹریز جلا دی گئیں،11 ہزار سے زائد گاڑیاں جلائی گئیں، بینک لوٹے گئے، لاڑکانہ سے کراچی تک مہاجروں کی دکانیں جلائی گئیں، صوبائی حکومتوں نے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کے بجائے اپنے پاس رکھے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ سندھ میں مزید صوبے بننے چاہئیں، پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر سیاست کرے، پیپلزپارٹی نے کارکردگی دکھائی تو سندھ میں 10صوبے بھی بن جائیں، اسے پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔


















