Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کانگو میں ایبولا وائرس بے قابو، 65 افراد ہلاک

حکام کے مطابق وائرس کے باعث 246 مشتبہ اور تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں۔

افریقی ملک جمہوریہ کانگو کے مشرقی صوبے ایتوری میں ایبولا وائرس کے نئے پھیلاؤ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ افریقی صحت ادارے کے مطابق اب تک 246 مشتبہ اور تصدیق شدہ کیسز سامنے آچکے ہیں جب کہ 65 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

افریقہ کے اعلیٰ صحت ادارے نے جمہوریہ کانگو کے مشرقی صوبے ایتوری میں ایبولا وائرس کے نئے پھیلاؤ کی تصدیق کردی ہے جب کہ اب تک اس وائرس سے درجنوں ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں۔

صحت حکام کے مطابق وائرس کے باعث 246 مشتبہ اور تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 65 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ زیادہ تر متاثرہ افراد سونے کی کانوں والے علاقوں مونگوالو اور رَوامپارا سے تعلق رکھتے ہیں۔

افریقی ادارہ برائے انسدادِ امراض نے بتایا کہ صورتحال کے پیش نظر کانگو، یوگنڈا، جنوبی سوڈان اور دیگر شراکت دار ممالک کے ساتھ ہنگامی مشاورت کی جارہی ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور سرحدی نگرانی کو مؤثر بنایا جاسکے۔

ایبولا وائرس پہلی بار 1976 میں کانگو میں سامنے آیا تھا اور ماہرین کے مطابق یہ وائرس چمگادڑوں سے انسانوں میں منتقل ہوا۔ یہ بیماری جسمانی رطوبتوں اور زخم یا متاثرہ جلد کے ذریعے پھیلتی ہے۔

ماہرین کے مطابق ایبولا کی ابتدائی علامات میں بخار، جسم میں درد، کمزوری، گلے کی تکلیف اور سر درد شامل ہیں جب کہ بعد میں قے، اسہال، جسم پر دھبے اور شدید خون بہنے جیسی علامات ظاہر ہوسکتی ہیں۔

حکام نے بتایا کہ دارالحکومت کنشاسا کی حیاتیاتی تحقیقاتی تجربہ گاہ میں کیے گئے ابتدائی معائنے میں 20 میں سے 13 نمونوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ وائرس کی قسم جاننے کے لیے مزید جانچ جاری ہے۔

Exit mobile version