Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکی مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے امکانات 74 فیصد تک پہنچ گئے، سروے رپورٹ

امریکا کی 7 اہم انتخابی ریاستوں میں سے 6 میں ڈیموکریٹک امیدواروں کو برتری حاصل ہے

امریکی مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی کامیابی کے امکانات بڑھ کر 74 فیصد تک پہنچ گئے ہیں، جبکہ سینیٹ کا کنٹرول حاصل کرنے کی دوڑ میں بھی ڈیموکریٹس کی پوزیشن مضبوط بتائی جارہی ہے۔

ایک سروے کے مطابق امریکا کی 7 اہم انتخابی ریاستوں میں سے 6 میں ڈیموکریٹک امیدواروں کو برتری حاصل ہے۔ مشی گن میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے امکانات 76 فیصد، ٹیکساس میں 74 فیصد، اوہائیو میں 72 فیصد، ریاست مین میں 70 فیصد اور الاسکا میں 69 فیصد بتائے گئے ہیں، جبکہ کنساس میں کامیابی کے امکانات 64 فیصد ہیں۔ اوہائیو میں ڈیموکریٹک امیدواروں اور ان کے مخالفین کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔

دوسری جانب الاسکا میں ری پبلکن سینیٹ امیدوار ڈین سلیوان نے انتخابی دھاندلی اور بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام انتخابی عمل پر ناراض ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ان کے ڈیموکریٹ حریف کی انتخابی مہم ووٹرز کو گمراہ کرنے اور جھوٹ پر مبنی تھی۔

ڈین سلیوان نے میری پیلٹولا اور چک شومر پر ووٹ ضائع کرانے کی منصوبہ بندی کا الزام لگاتے ہوئے الاسکا کے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابی دھاندلی روکنے کے لیے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام قانونی ووٹوں کی گنتی اور تصدیق کے بعد ہی انتخابی نتائج کی توثیق کریں گے۔

ادھر امریکی ریاست نیویارک کی ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی میں ووٹنگ مشینوں کی خرابی کے باعث ہزاروں ووٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کاؤنٹی انتظامیہ کے مطابق 332 پولنگ مقامات پر ڈھائی لاکھ تک بیلٹس متاثر ہوئے، جبکہ الیکشن حکام نے پروگرامنگ کی خرابی کو مشینوں کی ناکامی کی وجہ قرار دیا ہے۔

الیکشن حکام نے ووٹرز کو ہدایت کی کہ مشینوں پر بیلٹ اسکین نہ ہونے کی صورت میں ایمرجنسی بیلٹ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی کے ایگزیکٹو کین جینکنز کے مطابق ایمرجنسی بیلٹس پولنگ کا وقت رات 9 بجے ختم ہونے تک شمار نہیں کیے جائیں گے، تاہم انہیں ہاتھ سے گننے کے بجائے مشینوں کے ذریعے اسکین کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version