وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم والوں کی نیت اور سیاست دونوں میں کھوٹ ہے، ان کی حکومت نے چند ماہ کے اندر معیشت کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے سینئر وکیل رہنماء فیصل چوہدری اور سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی افضل ساہی کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ جہلم اور فیصل آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنی نام نہاد سیاست بچانے کیلئے ملک سے کھلواڑ کر رہے ہیں اور عوام ان کی حکومت کو جھولیاں اٹھا کر بددعائیں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھ کر فیصلے کئے ہیں لیکن پی ڈی ایم کی ساری جماعتیں الٹی بھی ہو جائیں تو بھی عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتی ہیںَ
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چند ماہ میں پنجاب میں جتنے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، اس کی مثال گزشتہ 10 برس میں نہیں ملتی، ہمارا ہر لمحہ عام آدمی کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے وقف ہے۔
سینئر وکیل فیصل چوہدری
اس موقع پر سینئر وکیل فیصل چوہدری وزیراعلیٰ پنجاب عوام کی فلاح وبہبود کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں، وکلاء برداری کی فلاح و بہبود کیلئے چوہدری پرویز الٰہی کا جذبہ قابل قدر ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی کا پہلا سنہری دور آج بھی عوام کو یاد ہے اور اب بھی مختصر مدت میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے پائیدار اقدامات کئے ہیں۔
