امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کامیاب ہوگی۔
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو مزید لاوارث نہیں چھوڑسکتے، اعلان کراچی میں آج بہت لوگ شامل ہوں گے، آج جوانوں کے سامنے اعلان کراچی کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی ریڈ زون کی بات کرتی ہے، آج پیپلزپارٹی کی ریلی ریڈ زون سے ہی نکلے گی۔
انہوں نے کہا کہ سازشی اپنا کام اور ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، کراچی میں کیا ہونا ہے کیسے ہونا ہے اب ہم بتائیں گے۔
کراچی کے عوام جماعت اسلامی کا میئر دیکھنا چاہتے ہیں
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلدیاتی مہم میں ہمیں سب طرف سے حمایت مل رہی ہے، کراچی کے عوام جماعت اسلامی کا میئر دیکھنا چاہتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ ہمارے جوان روز قتل ہورہے ہیں، اب تو خواتین پر بھی گولیاں چل رہی ہیں۔ کراچی کے حق کے لیے ہماری کئی سالوں کی تحریک ہے، 15جنوری کو بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کامیاب ہوگی۔
گئے گزرے حالات میں بھی آدھی معیشت کراچی چلا رہا ہے
گزشتہ روز دنیا بول ہے سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ انعیم الرحمان نے کہا تھا کہ ملک کے موجودہ معاشی حالات خراب ہیں اور ان گئے گزرے حالات میں بھی آدھی معیشت کراچی چلا رہا ہے۔
حافظ انعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم ذاتی تنقید نہیں ایشو کی بنیاد پر بات کرتے ہیں، جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ ہر صورت الیکشن ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم میں دھڑے بن گئے تھے اب مل رہے ہیں اچھی بات ہے لیکن سیٹ ایڈجسٹمنٹ کاغذات نامزدگی کے وقت ہوسکتی تھی اور اس وقت پی ٹی آئی کے دوستوں کا خیال تھا کہ مکمل سوئپ کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی کا بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پر چیف جسٹس کو خط لکھنے کا اعلان
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے کراچی سے ووٹ لیا لیکن کراچی کواپنا نہیں سمجھا جبکہ کراچی میں کے الیکٹرک ،مردم شماری،کوٹہ سسٹم اور ملازمتوں کے مسائل ہیں اور ان مسائل پر پی ٹی آئی کا کبھی کوئی ردعمل سامنے نہیں آتا ہے جبکہ گئے گزرے حالات میں بھی آدھی معیشت تو کراچی چلا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تحریک انصاف کو مردم شماری کو دوبارہ کرانا چاہئے تھا، صرف یہ کہہ دینا 18ویں ترمیم ہے ہم کچھ نہیں کرسکتے۔
