چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر جمعیت علماء اسلام پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
ملاقات میں وفد نے چودھری شجاعت حسین کو بلوچستان میں عوام کو درپیش مشکلات خصوصاً آٹے کی قلت سے آگاہ کیا جبکہ ملاقات میں ملک کی بہتری کیلئے ملک کی معاشی سیاسی معاملات پر گفتگو کی گئی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل نہیں ہو گی، فی الحال ملکی الیکشن کا کوئی امکان نہیں ہے۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کا فرض ہے کہ عوام کو روزمرہ استعمال کی اشیاء کو مہنگا ہونے پر ایکشن لیں خصوصاً آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے عام آدمی بہت زیادہ پریشان ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام لیڈران اپنی اپنی بولی بولنے کی بجائے اکٹھے ہو کر بغیر کسی عہدوں کی پرواہ کیے ملکی مسائل خصوصاً مہنگائی کو حل کرنے کو اولیت دیں اور اکٹھے ہو کر صرف ایک ایجنڈے پر کام کریں۔
مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ سیاسی لیڈر اپنے مفاد کی خاطر اپنے اپنے سلوگن کی تشہیر کی بجائے عوام کو درپیش اجتماعی مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو برؤئے کار لائیں۔
جمعیت علماء اسلام کے وفد میں صدر سٹی لاہور محمد افضل خان جوائنٹ سیکرٹری مولانا عبدالودود شاہد، مولانا عبدالوہاب مدنی، عبدالصمد، اعظم سواتی، مکرمہ اشرف، خواجہ نعمان شامل تھے جبکہ پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے سابق وزیر قانون ڈاکٹر خالد رانجھا، سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ چودھری شافع حسین، حسن رانجھا، بیرسٹر رانا خضر شامل تھے۔
