Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جنیوا کانفرنس کو کامیاب بنانے پر وزیراعظم عالمی برادری کے شکرگزار

وزیراعظم نے جنیوا کانفرنس کی شاندار کامیابی پر شراکت داروں اور اقوام متحدہ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنیوا کانفرنس میں ہمدردی کے اظہار نے بےحد متاثر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل دنیا نے دیکھ لیا کہ مصیبت زدہ انسانیت کو مسائل سے نکالنے کے لئے قومیں کس طرح اکھٹا ہوکر یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں؛ سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، وزیراعظم

انہوں نے مزید کہا کہ جنیوا کانفرنس میں عالمی برادری نے شراکت داری کا بےمثال نمونہ پیش کیا ہے ، اجتماعی کوششیں زندگیوں اور امیدوں کو دوبارہ روشن کریں گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے اس حوالے سے بے مثال لیڈرشپ کا مظاہرہ کیا، پاکستان کے عوام ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔

عالمی برادری کا پاکستان کے لیے 10ارب ڈالر کی امداد کا اعلان

سیلاب متاثرین کے لیے جنیوا میں ہونے والی ڈونر کانفرنس میں عالمی برادری نے پاکستان کے لیے اربوں ڈالر امداد کا اعلان  کردیا۔

عالمی اداروں اور ممالک نے پاکستان کو 10 ارب 57 کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان کردیا جس میں اسلامی ترقیاتی بینک کے 4.2 ارب ڈالر اور عالمی بینک کے دو ارب ڈالر شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلوم برگ نے پاکستانی معیشت پر تازہ رپورٹ جاری کردی

دوسری جانب سعودی عرب نے پاکستان کے لیے 1 ارب ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا۔ امریکا کی جانب سے 100 ملین ڈالر کا اعلان کیا گیا۔ جرمنی پاکستان کو مزید 89 ملین یورو فراہم کرے گا اور چین کی طرف سے مزید 10 کروڑ ڈالر گرانٹ دینے کا اعلان سامنے آیا ہے جب کہ دیگر ممالک کی جانب سے بھی لاکھوں ڈالر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version