حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ 16 سے 31 جنوری تک قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا جائے گا۔
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں انکا کہنا تھا کہ یکم جنوری سے 15 جنوری تک قیمتیں برقرار رہیں گی جب کہ پیٹرول 214 روپے 80 پیسے جب کہ ڈیزل 227 روپے 80 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت 8 روپے 76 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی تھی۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا تھا کہ تجویز کے باوجود مٹی کے تیل کی قیمت 171 روپے 83 پیسے فی لیٹر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ علاوہ ازیں لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 169 روپے فی لیٹر بر قرار رہے گی۔
پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق عوام کے لئے بُری خبر
دوسری جانب بینکوں کی جانب سے ایل سیز نہ کھولے جانے کے باعث اجناس، صنعتوں میں استعمال ہونے والے خام مال کیساتھ تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد بھی تعطل کا شکار ہے۔
4 بینکوں نے رواں ماہ کے آخر میں پیٹرول کی درآمد کے لئے اٹک پیٹرولیم لمیٹڈ کو لیٹر آف کریڈٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ان تمام صورتحال کے باعث ملک میں آئندہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے جبکہ دوسری جانب اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد یقینی بنانے کے لئے پیٹرولیم ڈویژن سے فوری مداخلت کی اپیل کر دی ہے۔
