Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نئے صوبوں کا معاملہ محسن نقوی نے مس ہینڈل کرکے متنازع بنا دیا، رانا ثناء اللہ

میں نے صدر زرداری کو متعدد مرتبہ کہتے سنا ہے کہ محسن نقوی میرے بیٹے ہیں، مشیر وزیر اعظم

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے کو وزیر داخلہ محسن نقوی نے غلط انداز میں آگے بڑھا کر متنازع بنا دیا، اب اس کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا اور تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے کے بغیر اس معاملے پر پیش رفت ممکن نہیں۔

رانا ثناء اللہ نے اپنے بیان میں محسن نقوی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی ناکامیوں پر ناراض ہونے کے بجائے انہیں تسلیم کرنا چاہیے۔ نئے صوبوں کا معاملہ گزشتہ چار ماہ سے زیر بحث ہے لیکن اسے سلجھانے کے بجائے مزید الجھا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی محسن نقوی کی ذات پر تبصرہ کیا ہے اور نہ آئندہ کروں گا، کیا وہ قائداعظم ہیں کہ میں ان کی ذات اور افکار پر بات کروں؟ البتہ ایک کولیگ اور سیاسی کارکن کی حیثیت سے ان کی کارکردگی پر بات کرنا میرا حق ہے۔ میں نے ہمیشہ انہیں وزیر داخلہ کہہ کر مخاطب کیا ہے، کبھی چیئرمین پی سی بی نہیں کہا۔

مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے اپنی تقریر میں وزیراعظم سے متعلق غیر متعلقہ ریمارکس دیے، جن پر اعتراض کیا گیا۔ میں نے واضح کیا تھا کہ نئے صوبوں کا معاملہ پارلیمنٹ میں آنا ہے اور اس پر اتفاق رائے کے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا، لیکن غیر متعلقہ باتیں کرکے معاملے کو مزید الجھا دیا گیا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کہہ رہے ہیں کہ ان سے تو کسی نے بات ہی نہیں کی، تو پھر چار ماہ تک کیا ہوتا رہا؟ میں نے صدر زرداری کو متعدد مرتبہ کہتے سنا ہے کہ محسن نقوی میرے بیٹے ہیں، جب بھی ہم ایوان صدر گئے ہیں، محسن نقوی وہاں موجود ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں نئے صوبوں کے معاملے کی قیادت محسن نقوی نے کی ہے تو انہیں اس کی ذمہ داری بھی قبول کرنی چاہیے۔ ان کے بیانات سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا، تاہم انہوں نے ایک اہم معاملے کو متنازع بنا دیا ہے۔ پارلیمنٹ میں اس پر اتفاق رائے ہوگا یا نہیں، یہ آنے والا وقت بتائے گا۔

محسن نقوی کی جانب سے ممکنہ ردعمل سے متعلق رانا ثنااللہ نے کہا کہ دھمکیاں دینے سے میرے جیسے لوگ خاموش نہیں ہوں گے۔ اگر آپ کے پاس دلیل ہے تو غصے میں آنے کی کیا ضرورت ہے؟ جو کرنا ہے بسم اللہ کریں، ایسے بیانات سے بات حل نہیں ہوگی۔

دوسری جانب سیاسی نظام کی ناکامی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سسٹم ناکام نہیں ہوا بلکہ اسے ناکام کیا گیا ہے اور اس میں سیاست دانوں سمیت دیگر لوگوں کا بھی کردار ہے۔ ہمارے حصے میں جو ناکامی آئے، اس پر ردعمل دینے کے بجائے اسے تسلیم کرنا چاہیے۔ شہباز شریف کا وزیراعظم بننا اس وقت ملک کے لیے نیک فال ثابت ہوا ہے۔

کاروباری شخصیات اور سیاسی جماعتوں کو فنڈز دینے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ ملک میں لاکھوں کاروباری افراد ہیں جو ملکی خدمت کر رہے ہیں، تاہم انہوں نے چند مخصوص کاروباری شخصیات کے بارے میں بات کی تھی۔ اگر کوئی شخص سیاسی جماعتوں کو اربوں روپے فراہم کرتا ہے تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ وہ اتنی بڑی رقم کیوں دیتا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ یہی ہے کہ بعد میں اربوں روپے کی وارداتیں بھی کرنا ہوتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version