قومی اسمبلی میں اہم ترین 3 پارلیمانی عہدوں پر تقرری کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج اپوزیشن لیڈر کے لئے پارٹی نام کی منظوری دیں گے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج قومی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کے نام کا بھی فیصلہ کریں گے۔
اس موقع پر چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے بھی پی ٹی آئی کے ایم این اے کے نام کی منظوری دی جائے گی۔
ذرائع پی ٹی آئی نے بتایا کہ تینوں ناموں سے اگلے چوبیس گھنٹے میں اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کردیا جائے گا اور اسپیکر سے ملاقات کر کے پی ٹی آئی ان تینوں عہدوں پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی نامزدگی کا مطالبہ کرے گی۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اب بھی قومی اسمبلی میں سب سے بڑی اپوزیشن جماعت ہے، اس وقت تینوں عہدے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے پاس ہیں جبکہ پی ٹی ائی کے منحرف ارکان کی تعداد ایوان میں اکیس ہے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے ارکان قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی سے رابطوں کے دوران اعتماد کے ووٹ میں حمایت کے وعدے کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی قیادت کو رابطے کرنے والے مسلم لیگ ن کے ارکان قومی اسمبلی کے بارے میں پالیسی دیدی۔
عمران خان نے پالیسی دیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ ن لیگ کے صرف ان ارکان قومی اسمبلی سے ٹکٹ کی حامی بھری جائے جن کو ہم ایڈجسٹ کرسکتے ہوں اور جن ارکان قومی اسمبلی کو ہم ٹکٹ کے لئے ایڈجسٹ نہیں کرسکتے ان سے کوئی غلط وعدہ نہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رابطے کرنے والے ارکان قومی اسمبلی کی تعداد پندرہ کے قریب ہیں۔



















