Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکشن کمیشن کا قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر انتخابی شیڈول جلد جاری کرنےکا فیصلہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جلد جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے متعلقہ ضلعی الیکشن کمشنرز کو تیاریوں کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن 60 روز کے اندر قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے تیار ہے، الیکشن کمیشن کے فنانس ونگ نے 33 نشستوں پر اخراجات تیار کر لئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات پر 3 ارب 30 کروڑ روپے کے اخراجات آئیں گے جبکہ کمیشن قومی اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی انتخابات پر 10 کروڑ روپے تک اخراجات آئیں گے۔

اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے اخراجات کیلئے وزارت خزانہ کو خط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 17 جنوری کو پی ٹی آئی کے 35 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کیا تھا تاہم قومی اسمبلی کی 2 مخصوص نشستوں پر تعیناتی پی ٹی آئی کی سفارش پر کی جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے استعفوں کی بعد خالی ہونے والی تمام نشستوں پرالیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔

اس حوالے سے فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ تحریک انصاف 33 نشستوں پر انتخابات لڑے گی اور اس کے امیدوار عمران خان ہوں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے دو روز قبل پی ٹی آئی کے 35 اراکین اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید استعفے منظور کیے تھے جس کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین کو ڈی نوٹیفائی کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں؛ عمران خان کی قومی اسمبلی میں ممکنہ واپسی کو روکنے کیلئے ن لیگ متحرک

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے جن ارکان اسمبلی کے استعفےمنظور کیے گئے ہیں ان میں مراد سعید، عمر ایوب، اسد قیصر، پرویز خٹک، عمران خٹک، شہریار آفریدی، قاسم سوری، نجیب ہارون،ا سلم خان شامل ہیں۔

اس کے علاوہ آفتاب جہانگیر، عطاء اللہ، آفتاب حسین صدیقی،علی حیدر زیدی، عالمگیر خان، سیف الرحمان، فہیم خان زرتاج گل، شاہ محمود قریشی، ملک عامر ڈوگر، شفقت محمود، حماد اظہر، ثناء اللہ مستی خیل،  فواد احمد، منصور حیات کے استعفے بھی منظور کیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version