پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے جنگ کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں، حکومت ہر شعبہ میں ناکام ہو چکی ہے، 8 ماہ حکومت کی کارکردگی قوم کے سامنے ہے، ایسی کیا کارکردگی دکھائی جو قوم ان پر اعتماد کرے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا اور اربوں روپے کا نقصان ہوا جس پر حکومت نے خاموش تماشائی کا کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے فیصلے کرنا مشکل ہو رہا ہے، ملکی معیشت کی حالت بگڑتی جارہی ہے، تجارت نہیں ہو رہی ہے، ایل سیز نہیں کھل رہی ہیں، صنعتیں بند ہو رہی ہیں اور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پڑھے لکھے افراد بیرون ملک جانے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛ پی ڈی ایم کے پاس پاکستان کیلئے بڑے فیصلے لینے کا مینڈیٹ نہیں ہے، شاہ محمود قریشی
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کے پاس ملک چلانے کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے جبکہ اسے عوام کے مسائل اور پریشانی سے بھی کوئی سروکار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اقتدار کو طول دینے کیلئے منصوبہ بندی کررہی ہے، پی ڈی ایم کے پاس پاکستان کیلئے بڑے فیصلے لینے کا مینڈیٹ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بچانے کیلئے فوری اور شفاف انتخابات کروانا ہونگے، عوامی مینڈیٹ کی حامل حکومت کو فیصلے کرنے کا اختیار دیا جائے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملک میں شفاف انتخابات کروانا چاہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ امپورٹڈ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، شاہ محمود قریشی
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب میں جانبدار نگراں وزیراعلیٰ کی تعیناتی پر احتجاج ریکارڈ کرارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت من پسند لوگوں کو لاکر مرضی کے نتائج چاہتی ہے جبکہ ہم نے بہترین لوگوں کے نام دیئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایسے لوگوں کو لانا چاہتی ہے جن کی تعیناتی سے تنازعہ نہ کھڑا ہو، جن میں شفاف انتخابات کرانے کی اہلیت ہو اور جن کی شہرت اچھی ہو۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے ایسی شخصیات کے نام دیے تھے جن کے ساتھ ن لیگ کام کرچکی تھی لیکن حکومت نے پنجاب میں محسن نقوی کا تقرر کرکے آنے والے الیکشن کو متنازعہ بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں؛ ملک کی معاشی صورتحال کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں، شاہ محمود قریشی
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب پر کیسز ہیں، ان کا کردار مشکوک ہے، رجیم چینج میں بھی انکا کردار تھا۔
انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تعیناتی پر ان کے عزیز بھی معترض ہیں کہ کیا حکومت کو 22 کروڑ عوام میں کوئی ایسا شخص نہیں ملا جو غیر متنازعہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے میں ہماری اکثریت تھی، ہم نے آئین اور قانون کے مطابق اپوزیشن کی طر ف سے بھیجے گئے ناموں میں سے موزوں شخص کو نگران وزیراعلیٰ بنایا، ہم پنجاب میں بھی یہی پریکٹس چاہتے تھے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت نے جانبدار شخص اور متنازعہ شخص کا بطور نگران وزیراعلیٰ تقرر کرکے سیاسی کھلواڑہ کیا ہے جبکہ تحریک انصاف اس تقرری پر ملک بھر میں سراپا احتجاج ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ پیرحسنات شاہ کی پی ٹی آئی میں شمولیت اچھا اضافہ ہے،شاہ محمود قریشی
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے فیصلے پر مایوسی ہوئی ہے، اس معاملے پرعمران خان قانونی معاملات پر بھی گفتگو کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں اکثریت کھو چکے ہیں، وہ اعتماد کا ووٹ لینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اسمبلی سے لاتعلق ہوچکے ہیں، حکومتی چالوں میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے واپس آرہے تھے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت ہمارے پاس اتنے نمبر موجود ہیں کہ اپوزیشن لیڈر اپنا لاسکیں جبکہ موجودہ اپوزیشن لیڈر صرف نام کے ہیں، وہ اپنا کوئی کردار ادا نہیں کررہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کو ایسا قائد حزب اختلاف چاہیے تھا جو انگوٹھا لگا سکے، ایسا بندہ چاہیے تھا جو حکومت کا ایجنڈا آگے بڑھا سکے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ سیٹ اپ الیکشن نہیں کرانا چاہتا اور الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری نہیں نبھارہا ہے جبکہ صاف اورشفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ عمران خان ایک بار پھر بھاری اکثریت سے ملک کے وزیراعظم ہوں گے، شاہ محمود قریشی
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے حکومت کی چالوں اور پنجاب میں جانبدار نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کے خلاف عدالتوں میں جانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تحریک انصاف نے دوسری جانب عوام کی عدالت میں بھی جانے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں پر عوام کو متحرک کیا جائے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملکی حالات کو دیکھ کر پاکستان کی عوام شدید اضطراب اور مایوسی کا شکار ہیں جبکہ عوام کو بنیادی ضروریات زندگی سے بھی محروم کردیا گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام کو آٹا لینے کیلئے لائنوں پر لگنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان وقت آگیا ہے عوام کو اپنے حق کیلئے باہر نکلنا ہوگا، عمران خان کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالنا ہونگے اور عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان واحد سیاسی قیادت ہیں جو ملک کیلئے مخلص ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان اپنے مفادات کیلئے نہیں بلکہ ملک اور قوم کی آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے جنگ کررہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ لٹیروں سے ان کی جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک قومی خزانہ لوٹنے والےقانون کے شکنجے میں نہیں آجاتے ہیں۔
