وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں ن لیگ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے وعدے پر کاربند ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ روز پی ایم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کا آغاز کیا۔
I launched PM's Youth Business & Agriculture Loan Scheme yesterday. This new scheme builds on a number of youth development programs. From PEEF loans to laptop scheme to self-employment scheme, PML-N has demonstrated its commitment to youth empowerment under leadership of MNS.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) January 25, 2023
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پی ایم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم ترقی کے متعدد پروگرامز پر مشتمل ہے ۔
گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگری لونز کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان بچانے کے لیے سیاسی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے ۔ انشاء اللہ ہم پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تنقید ہوتی ہے کہ لیپ ٹاپ سیاسی پوائنٹ اسکورننگ ہے ۔ ماضی میں جواب دیتا تھا کہ لیپ ٹاپ نہیں تو کیا کلاشنکوف دے دوں۔ ہم کٹھن مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ وسائل مہیا کیے جائیں تو نوجوان ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ نو جوانوں کو 5 لاکھ کا بلا سود قرضہ فراہم کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں 40 ارب کے قرضے دیے اور ریکوری 99 فیصد تھی ، ہمارے دور میں پنجاب میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیے گئے ، ماضی میں پنجاب کے نوجوانوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے تھے ۔ نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، ہمارے نوجوان با صلاحیت اور بلند حوصلے والے ہیں ۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ صرف غریب پر مہنگائی کا بوجھ نہیں ڈال سکتے ، ریاست کو بچانے کے لیے تمام سیاسی کمائی قربان کر دوں گا، پاکستان کو اس حال تک پہنچانے کی ذمہ دار سیاسی جماعتیں ہیں۔
