Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی؛ماڈل پیپرز برائے نہم دہم سالانہ امتحانات2023 کے لئے 4 روزہ ورکشاپ کا انعقاد

ذرائع نے بتایا کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ریسرچ سیکشن کے زیراہتمام نئے ماڈل پیپرز برائے سالانہ امتحانات 2023 کے سلسلے میں چار روزہ ورکشاپ کا انعقاد ہوا جس میں سائنس اور جنرل گروپ کے ماہر اساتذہ کرام نے شرکت کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

 تفصیلات کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں ریسرچ سیکشن کے تحت چار روزہ ورکشاپ بورڈ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی جو 23 جنوری سے26 جنوری تک جاری رہی۔

 ذرائع کی رپورٹ کے مطابق اس ورکشاپ میں محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے تحت نہم اور دہم سائنس وجنرل گروپ کے سالانہ امتحانات 2023ء کیلئے مختلف مضامین کے نئے ماڈل پیپرزکی تیاری کیلئے ماہرین اساتذہ نے خصوصی شرکت کری۔

پرچہ جات 20 فیصد کثیرالانتخابی سوالات جبکہ 40 فیصد مختصر جواب کے سوالات اور 40 فیصد بیانیہ جواب کے سوالات پرمشتمل ہوگا۔

تمام بورڈز میں کراچی بورڈ کے بنائے ہوئے ماڈل پیپرز کو بڑی اہمیت حاصل ہے، چیئرمین میٹرک بورڈ

میٹرک بورڈ کےچیئرمین سید شرف علی شاہ نے افتتاحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام تعلیمی بورڈز میں کراچی بورڈ کے بنائے ہوئے ماڈل پیپرز کو بڑی اہمیت حاصل رہی ہےاور یقیناً اساتذہ کرام کی محنت واخلاص اور پرچہ سازی کےعمل میں ان کی مہارت کی بدولت ہی یہ ممکن ہوا ہے۔

انہوں نےامتحانات کے نظام میں مزید بہتری کی ضرورت لانے پر زور دیا اور ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر، ریسرچ ایسوسی ایٹ ایم اے جعفری اور ان کی پوری ٹیم کو سراہا۔

ماڈل پیپرز جلد آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیئے جائیں گے،سیکریٹری بورڈ

سیکریٹری بورڈ سید محمد علی شائق نے اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی زیر نگرانی فروری کے دوسرے ہفتے میں ماڈل پیپرز کو تیار کر کے طلباء و طالبات کی رہنمائی کیلئے جلد ہی بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کر دیا جائے گا۔

اس ورک شاپ کا مقصد باہمی مشاورت کے ساتھ ماڈل پیپرز کی تشکیل کرنا ہے،ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ

ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر نے اپنے خطاب  میں2009ء سے اب تک بنائے جانے والے ماڈل پیپرز کا ذکرکرتے ہوئےاساتذہ کرام کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ پرچہ سازی کا عمل نظامِ امتحانات میں بنیادی اہمیت کاحامل ہے اسی لئے اس ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ ماڈل پیپرز کی تیاری کا کام باہمی مشاورت کے ساتھ مکمل کیا جا سکے۔

’پرچہ سازی کے دوران جدید تکنیک کا خیال رکھنا ضروری ہے‘

اس موقع پر شعبہ سائنس کے کنوینر محمد عبداللہ نے اساتذہ کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ پرچہ سازی کے عمل کے دوران ہمیں جدید تیکنیکس کا خیال رکھنا چاہئے تاکہ طلبہ کی تخلیقی اور تجزیاتی صلاحیتیں پروان چڑھ سکیں۔

’ماڈل پیپرز اسے بنائے جائیں جس سے طلبہ میں زبان دانی کی صلاحیتوں کو فروغ مل سکے‘

 اس ورکشاپ میں ایک اور کنوینر ڈاکٹر رخسانہ صبا نے کہا کہ سائنسی و سماجی علوم کی تدریس میں زبان کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اس لئے ماڈل پیپرز کی تیاری میں متوازن رویہ اختیار کر کے طلبہ کی ذہنی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے سوالات شامل کرنے کی ضرورت ہے جن سے طلبہ میں زبان دانی کی صلاحیتوں کو فروغ مل سکے۔

جنرل گروپ مضامین کے کنوینر ڈاکٹرسعید احمد صدیقی نے کہا کہ آئندہ امتحانات کی تیاری کیلئے طلباء و طالبات کیلئے ماڈل پیپرز جاری کئے جا ر ہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version