پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک ارادوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کی زیر صدارت انصاف ہاؤس کراچی سیکریٹریٹ میں بلدیاتی الیکشن میں کامیاب چیئرمن اور وائس چیئرمن کا اجلاس ہوا جس میں پشاور بم دھماکے میں شہید ہونے والے شہداء کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کی لہر کا سر اٹھانا دشمنوں کی سوچی سمجھی سازش ہے لیکن ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک ارادوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مومن آباد، شاہ فیصل، صدر ٹاؤن سمیت تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں؛ سندھ میں اربوں روپے کے بجٹ سے کھلواڑ ہوا ہے، بلال غفار
ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن میں سرکاری مشینری کی مدد سے تحریک انصاف کی سیٹیں کم کی گئیں۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے مزید کہا کہ کراچی میں پی ٹی آئی پر سیاسی مقدمات بنائے گئے مگر ہمارے ورکرز ایک قدم پیچھے نہیں ہٹے، ہمیں آگے بھی اس زرداری مافیا کیخلاف ڈٹے رہنا ہے۔
اس موقع پر رہنماء سعید آفریدی، ریاض حیدر اور گوہر خٹک سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
