وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی آج کے بڑے مسائل میں سے ایک ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ ماحولیات پروگرام (یو این ای پی) کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر انگر اینڈرسن کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران ایگز یکٹو ڈائریکٹر نے وزیر اعظم کو اقوام متحدہ ماحولیات پروگرام کی جانب سے پاکستان میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔
وزیر اعظم کا یواین ای پی پر موسمیاتی تبدیلی کے نقصان کو مؤثر طریقے سے حل کرنے پر زور
اس موقع پر وزیر اعظم نے یو این ای پی پر موسمیاتی تبدیلی، بائیو ڈائورسٹی اور ایکو سسٹم کے نقصان کو زیادہ مؤثر طریقے سے حل کرنے پر زور دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی آج کے بڑے مسائل میں سے ایک ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں سے ایک ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے حوالے سے بھرپور اقدامات کیے ۔ یو این ای پی تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان کی بحالی کی کوششوں میں ساتھ دے۔
قائم مقام گورنر بلوچستان کی وزیراعظم سے ملاقات
اس سے قبل قائم مقام گورنر بلوچستان جان محمد جمالی اور سینیٹر ثناء جمالی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ بلوچستان کی محرومیوں کو معاشی ترقی اور نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کرکے دور کریں گے۔
