پی ٹی آئی رہنما تیمور جھگڑا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف صوبے کو فراہم کردہ 417 ارب روپے کے متعلق مکمل طور پر غلط تفصیل شئیر کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ی ٹی آئی رہنما تیمور جھگڑا نے وزیر اعظم شہباز شریف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو خیبرپختونخوا تب یاد آتا ہے جب لاشوں پر سیاست کرنی ہوتی ہے؟
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اعلان کیا تھا کہ صوبے کو دس ارب روپے دیں گے لیکن آج تک ایک روپے نہیں دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا، جو انضمام پر چار سال کام ہوا، وہ تقریباً واپس لے لیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہباز شریف نے صوبے کو فراہم کردہ 417 ارب روپے کے متعلق مکمل طور پر غلط تفصیل شئیر کی۔
پی ٹی آئی رہنما تیمور جھگڑا نے مزید کہا کہ صوبے کو 417 ارب روپے ساتویں این ایف سی کی مد میں ملے، جو سیکیورٹی کے لیے نہیں تھے بلکہ دہشتگردی سے ہوئے نقصانات کے ازالے کے لئے ملے تھے۔
یہ بھی پڑھیں؛ انتخابات میں تاخیر کر کے ملک سے کھیلا جارہا ہے، تیمور سلیم جھگڑا
تیمور جھگڑا نے شہباز شریف سے بھی اہم سوالات کردیے۔
پی ٹی آئی رہنما تیمور جھگڑا نے وزیر اعظم سے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبے کے 230 ارب روپے روکے، قبائلی اضلاع کے ملازمین کے پیسے روکے، قبائلی اضلاع کے لوگوں کے صحت کارڈ کو ختم کیا، این ایف سی کے پیسے نہیں دئیے، پن بجلی کے پیسے نہیں دئیے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دس سالوں میں سیکیورٹی پر 600 ارب روپے خرچ ہوئے، جس میں 390 ارب روپے پچھلے چار سالوں میں خرچ ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کے اتحادیوں کے دور میں بلٹ پروف جیکٹس میں کرپشن ہوئی، ایک بلٹ پروف تھانہ پشاور میں تعمیر کیا گیا جو بارش سے خراب ہوگیا۔
پی ٹی آئی رہنما تیمور جھگڑا نے مزید کہا کہ ہم نے پولیس کی نفری بڑھائی، سی ٹی ڈی کو بجٹ دیا، پولیس ایکٹ لائے، ٹریننگ سکولز بنائے، 27000 لیویز اور خاصہ داروں کو پولیس میں ضم کیا۔
