Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عمران خان کی شیخ رشید کی گرفتاری پر شدید مذمت

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی رات کے پچھلے پہر گرفتاری پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شدید مذمت کی ہے۔

شیخ رشید کی گرفتاری سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ شیخ رشید احمد کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ رسوائے زمانہ الیکشن نے ایک متعصّب اور منتقم نگران حکومت مقرر کی، ایسی متعصّب اور منتقم نگران حکومت تاریخ میں اس سے پہلے ہم پر کبھی مسلط نہ ہوئی۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں ایک بڑی عوامی تحریک کی جانب دھکیلا جارہا ہے، ہمیں ایسے وقت میں ایک بڑی عوامی تحریک کی جانب دھکیلا جارہا ہے جب امپورٹڈ سرکار ہمارا دیوالہ نکال چکی ہے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ سوال یہ ہے کہ آیا ان حالات میں پاکستان اس عوامی تحریک کا متحمل ہوسکتا ہے۔

اسد عمر

شیخ رشید کی گرفتاری سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں اسد عمر نے کہا کہ شیخ رشید گرفتار، عمران ریاض گرفتار، سیاست دان قید، صحافی قید اور دہشت گرد آزاد پھر رہے ہیں۔

مراد سعید

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما مراد سعید نے بھی اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ شیخ رشید کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پیاروں کے جنازے اٹھ رہے ہیں لیکن انکی ترجیحات ملاحظہ ہوں، شاندانہ گلزار پر بغاوت کامقدمہ اورشیخ رشید گرفتار اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے۔

حلیم عادل شیخ

شیخ رشید احمد کی گرفتاری پر قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے بھی رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ  شیخ رشید احمد کی گرفتاری پر مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بدترین فسطائیت، خوف میں مبتلا حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، نگران حکومت الیکشن پر توجہ دینے کی بجائے بخشش دینے والوں کی غلامی میں مصروف ہے۔

حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ چیف جسٹس صاحب ملک میں لاقانونيت عروج پر ہے، قانون اور عوام آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

مسرت چیمہ

پی ٹی آئی رہنما مسرت چیمہ نے اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ رات کے پچھلے پہر ریاست ڈکیتوں کی طرح چوہدری پرویز الہیٰ کے گھر داخل ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کی طرح شیخ رشید کو اغواء کرتی ہے اور صحافی عمران ریاض خان کو نامعلوم مقام پر لے جاتی ہے۔ کیا موجودہ معاشی حالات میں ملک ایسے ایڈونچرز کا متحمل ہو سکتا ہے؟

عمر سرفراز چیمہ

عمر سرفراز چیمہ نے بھی اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ شیخ رشید کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہیں ، شریف زرداری گینگ اپنی نالائقی اور نا اہلی سے توجہ ہٹانے کے لئے سیاسی مخالفین کی گرفتاریاں اور جھوٹے مقدمے درج کر رہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ریاستی مشینری کو مسائل حل کرنے کی بجائے مخالفین کو ہراساں کرنے پر مامور کیا ہوا ہے۔

حسان خاور

علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما حسان خاور نے بھی اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ جس دن فواد چوہدری کی ضمانت پر رہائی ہوئی اسی دن شیخ رشید کو گرفتار کر لیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فاشزم آسمان کو چھو رہی ہے، ہر جھٹکے کے ساتھ حکومت صرف پی ٹی آئی کی مقبولیت اور عوام کے امپورٹڈ حکومت سے نجات کے عزم میں اضافہ کر رہی ہے۔

شیخ رشید کی گرفتاری

واضح رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو رات گئے اسلام آباد پولیس نے ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا ۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version