چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تربت میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تربت آمد پر کمانڈر پاکستان فلِیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے نیول چیف امجد خان نیازی کا استقبال کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس موقع پر سربراہ پاک بحریہ نے تربت میں جدید طبی آلات سے آراستہ اسپتال کا بھی افتتاح کیا۔
اس حوالے سے نیول چیف امجد خان نیازی نے کہا کہ اسپتال کے قیام سے تربت کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات مہیا کی جائیں گی۔
پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نیول چیف کو تربت میں تعینات پاک بحریہ کی یونٹس کی آپریشنل تیاری پر بریفنگ بھی دی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ نیول چیف نے اگلے مورچوں پر تعینات پاک بحریہ کے افسران و جوانوں کی حربی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
ترجمان پاک بحریہ نے مزید کہا کہ پاک بحریہ سمندری سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ساحلی علاقوں کے عوام کی بہتری کیلئے پر عزم ہے۔
