Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ترکیہ پاکستان کا دوست ملک ہے، مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ پاکستان کا دوست ملک ہے، اسے اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیاعظم شہباز شریف نے لاہور ایئرپورٹ پر ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی سامان بھجوانے کی تشریف لائے ۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترکیہ زلزلے سے بہت جانی و مالی نقصان ہوا ہے اور خواہش ہے ترکیہ زلزلہ زدگان کی بہترین امداد کریں، سول سوسائٹی اور مخیر حضرات ترکیہ زلزلہ متاثرین کی مدد کرنے میں حصہ لیں ۔

انہوں نے کہا کہ شام اور ترکیہ میں بہت خوفناک زلزلہ آیا اور زلزلےسے ہونے والی تباہی گزشتہ100  سال میں نہیں دیکھی جس میں ہزاروں لوگ جاں بحق اور لاکھوں بےگھر ہوگئے اور ہزاروں لوگ زخمی بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ترکیہ اور شام میں زلزلہ: ہلاکتوں کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کرگئی، مزید اضافے کا خدشہ

انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ اور شام زلزلے کے جو مناظر سامنے آرہے ہیں وہ دل ہلادینے والے ہیں لیکن پاکستان کے عوام ترکیہ اور شام زلزلہ متاثرین کے ساتھ ہیں اور یقین ہے ترکیہ اور شام جلد اس مشکل وقت سے نکل جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جس دن زلزلہ ہوا ترکیہ صدر سے ٹیلی فون پر اظہارافسوس، تعزیت اور ہمدردی کی، ترکیہ صدر کو مدد کی پیشکش اور مشکل میں ساتھ دینے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جب ہولناک زلزلہ آیا تو ترکیہ صدر خود آئے تھے اور انہوں نے پاکستانی زلزلہ زدگان کو مکانات کی تعمیر ،اشیا خوردونوش اور ہر طرح کی مدد کی اور آج ہم ترکیہ حکومت اور نمائندوں کو یقین دلاتے ہیں جہاں تک ممکن ہوسکا اپنی مدد سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ترکیہ شام میں سردی ہے اور خیموں کی اشد ضرورت ہے، یہ وہی ترکیہ ہے جو ہرمشکل میں پاکستان کے لیے حاضر ہوتا ہے اور پاکستان کی جانب سے امداد کا سلسلہ روزانہ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ترکی ائیرفورس کا جہاز آیا ہے، آج 100 ٹن کاسامان ایران پاکستان بارڈر کے راستے سے ترکیہ لے جایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کی ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری

انہوں نے مزید کہا کہ ترکی اور شام کی مد کے لئے چاروں وزرائے اعلیٰ سے درخواست کی کہ اپنے سینٹر یا این ڈی ایم اے میں سامان جمع کرائیں جس پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا مشکور ہوں انہوں نے مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر مذہبی امور کو درخواست کی گئی ہے کہ آج جمعہ کو مساجد میں عطیات کے لیے اپیل کریں اور عوام سے گزارش ہے کہ ترکیہ زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے نقد رقم وزیراعظم اکاؤنٹ اور اشیا خورونوش این ڈی ایم اے کو جمع کرائیں، ترکیہ زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے پرانے کے بجائے نئے کپڑے عطیہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ اورپاکستان کےدرمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں ترکیہ نے پاکستان کی مشکل میں مدد کے لیے ائیر برج بنایا تھا جو دن رات سامان لارہا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی جانب سے ترکی کے لیے جاری بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں کو ملک گیر مہم میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اس حولے سے اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم تاجر برادری، مذہبی اسکالرز اور تعلیمی اداروں کی حمایت حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں ترکی کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

واضح رہے کہ ترکیہ کا فوجی طیارہ امدادی سامان لیجانے کے لئے لاہور پہنچ گیا  ہے جو کہ 100 ٹن امدادی سامان لیجانے کی گنجائش کا حامل ہے تاہم پاکستان کی جانب سے مجموعی طور پر آج 142 ٹن امدادی سامان ترکیہ بھجوایا جارہا ہے ۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version