پاکستان تحریک انصاف کی ضمنی انتخابات کی تاریخ تبدیل کرنے سے متعلق درخواست مسترد کردی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی ضمنی انتخابات 16 مارچ کے بجائے 19 مارچ کو کرانے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات والے متعلقہ حلقوں میں 16 مارچ کو مقامی چھٹی دی جائے گی اور متعلقہ صوبوں کو ان حلقوں میں مقامی چھٹی کے لیے خط بھی لکھے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات، ضابطہ اخلاق جاری
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن 60 روز میں ضمنی انتخابات کرانے کا پابند ہے اور خالی نشستوں پر الیکشن کمیشن کو 17 مارچ سے قبل ضمنی انتخابات کرانے ہیں تاہم 19 مارچ کو الیکشن کرانے سے آئینی خلاف ورزی ہو جائے گی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق سیاسی جماعتیں، امیدوار اور پولنگ ایجنٹس پاک فوج، عدلیہ اور نظریہ پاکستان کے مخالف کوئی بات نہیں کریں گے۔
ضابطہ اخلاق میں بتایا گیا کہ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے سیاسی جماعتیں، امیدوار اور پولنگ ایجنٹس الیکشن کمیشن کے قوانین پر مکمل عملدرآمد کریں گے اور کسی شخص کو الیکشن میں حصہ لینے یا الیکشن سے دستبردار ہونے کے لیے تحائف دینا کرپٹ پریکٹس کے زمرے میں آئے گا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ الیکشن کے دن انتخابی سامان اور عملے کی سیکیورٹی کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل معاونت کی جائے گی۔ سیاسی جماعتیں الیکشن کے دن خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں گی۔
