Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل، پولنگ کی تاریخ کا اعلان حتمی منظوری سے ہوگا

صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں تاہم پولنگ کی تاریخ کا اعلان حتمی منظوری سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ کی صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کےلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں جبکہ دونوں صوبوں کےلیے مجوزہ شیڈول تیار کرلیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب میں 9 اور خیبرپختونخواہ میں 16 اپریل کو پولنگ کی تاریخ مقرر کرنے کی تجویز تیار  کی گئی ہے  تاہم آئندہ ہفتے پنجاب کا شیڈول جاری ہونے کا امکان ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب کو قانونی نوٹس، ہر صورت انتخابی شیڈول جاری کرنے کا مطالبہ

ذرائع کے مطابق انتخابی عملہ کی تعیناتی، ٹریننگ سمیت انتخابی مواد کی خریداری سمیت آپریشنل امور کی تیاری مکمل کرلی گئی تاہم پول ڈے کا اعلان الیکشن کمیشن کی حتمی منظوری سے ہوگا۔

دوسری جانب پنجاب میں انتخابات سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی پیش نظر چیف الیکشن کمشنر نے پیر کو الیکشن کمیشن کا اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا بغور جائزہ لیا جائے گا اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ:

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمییشن انتخابی شیڈول جاری کرے اور الیکشن کمیشن 90 روز میں پنجاب میں الیکشن کروائے۔

بعدازاں شہری نے اپنے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔

نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو نوے روز میں انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے جس کے تحت بارہ فروری کو بارہ بج کردس منٹ سے پہلےعدالتی حکم پر عمل کرنا قانونی تقاضا ہے تاہم اس اوقات کار کے بعد عدالتی حکم پرعمل درآمد کی معیاد ختم ہوجائے گی جو توہین عدالت ہے۔

متعلقہ خبریں