Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

 تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی زیرصدارت انسداد دہشتگردی اور غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں صوبہ کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور وزیر داخلہ کو صوبہ میں انسداد دہشتگردی اور غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے لیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی جبکہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے سی ٹی ڈی اور سیف سٹی میں اصلاحات اور تنظیم نو کی ہدایت بھی دی۔

 اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تمام سیکورٹی ادارے ملکی و غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں، وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام افراد بشمول غیر ملکی شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کی لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں؛ ہم نے ہر قیمت پر دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنی ہے، رانا ثناء اللہ

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک اور دیگر منصوبوں میں کام کرنے والے چینی باشندوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے، تمام سیکیورٹی ادارے بالخصوص پنجاب پولیس اور آئی بی مل کر کام کریں تاکہ ان اداروں میں قابل اور محنتی افراد آگے آئیں۔

 وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ سیف سٹی سے اس وقت 50 فیصد لاہور کی نگرانی کی جا رہی ہے، سیف سٹی سے لاہور کی 100 فیصد نگرانی کو جلد سے جلد یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر کہا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر داخلہ ملک کے مختلف شہروں کا دورہ کریں گے اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، چیف سیکریٹری پنجاب، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ہوم سیکریٹری پنجاب، آئی جی پنجاب، جوآیئنٹ ڈائریکٹر جرنل آئی بی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور ڈی جی سیف سٹی نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version