گزشتہ 2 روز سے جاری پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (پی آئی ایم ای سی) 2023 کی اختتامی تقریب آج تیسرے روزکراچی میں منعقد ہوئی ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزارتِ بحری امور اور پاکستان نیوی کی مشترکہ کوششوں سے جاری پہلی میری ٹائم ایکسپو 2023 کی اختتامی تقریب ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری نے خطاب کیا۔
ذرائع کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اس نمائش میں بہت سے معائدے طے کئے گئے ہیں اور ہماری آگے بھی یہی کوشش ہوگی کہ ان معائدوں کو تکمیل تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس نمائش کو مزید بڑا بنانے کے لئےکوشیش جاری رہیں گی اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ نمائش میں مزید ممالک بھی شرکت کریں گے جس سے کاروبار کےمزید مواقع پیدا ہوں گے۔
فیصل سبز واری نے کہا کہ سیلاب کی مشکل صورتحال میں پاکستان نیوی نے اہم کردار ادا کیا ہےاوراس وقت بھی پاکستان نیوی ساحلی علاقوں کے پسماندہ علاقوں میں اپنی سروسز فراہم کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلیو اکانومی میں ترقی پذیر ممالک کے لئے بھرپور مواقع ہیں، وزارت بحری امور کے تحت تمام اسٹیک ہولڈرز کے لئے ایک خصوصی ڈیسک قائم کی جارہی ہے۔
وزارتِ بحری امور گوادر کی غریب مچھیروں کے لئے بھی کام کررہی ہے اور یہاں کے ماہی گیروں کے لئے ایک جیٹی قائم کی جارہی ہے۔
علاوہ ازیں گوادر اور پورٹ قاسم کی ڈریجنگ کے لئے بھی کام کیا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پی این ایس سی کے ساتھ مل کر فیری سروس شروع کررہے ہیں جہاں سیاحت کے ساتھ زائرین کے لئے بھی فیری سروس کا جلد آغاز کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 10 سے 12 فروری تک جاری رہی اوراس نمائش میں 133 ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات پیش کریں، اس نمائش کا مقصد پاکستان میں بلیو اکانومی کے مواقع اجاگر کرنااور ملک میں میری ٹائم انڈسٹری کو فروغ دینا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کی نمائش کا افتتاح
