صدر پیپلز پارٹی سندھ نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ عمران خان کی قبل از وقت انتخابات کی خواہش ملکی سیاست پر حملہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق نثار کھوڑو نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات اپنی مدت پوری ہونے پر ایک ہی دن ہونے چاہئیں، عمران خان دو صوبائی اسمبلیوں کے قبل از وقت انتخابات کے ذریعے آئندہ عام انتخابات پر اثرانداز ہونا چاہتے ہیں، ہو سکتا ہے دو صوبائی اسمبلیوں کے قبل از وقت انتخابات کا معاملہ سپریم کورٹ میں جائے۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ سپریم کورٹ دو صوبوں میں قبل از وقت انتخابات کے معاملے کا کوئی راستہ نکالے گی، اگر انتخابات کا معاملہ سپریم کورٹ میں گیا تو پیپلز پارٹی پارلیامنٹ اور اسمبلیوں کی مدت پوری کے بعد مقررہ وقت پر عام انتخابات کرانے کا موقف اختیار کرے گی، آئین میں مقررہ مدت سے قبل کسی اسمبلی کی تحلیل کی صورت میں نگران حکومت کا تصور موجود ہے جو عام انتخابات تک ذمیداریاں سرانجام دے۔
ضرور پڑھیں؛ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لیے قربانی دی ہے، نثار کھوڑو
ان کا کہنا تھا کہ یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے کے دو صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات مقررہ مدت سے قبل ہوں اور باقی دو صوبوں اور قومی اسمبلی کے انتخابات بعد میں ہوں؟ عمران خان ملک کے اس نظام کو مزید کمزور کرنا چاہتے ہیں، پرامن اور شفاف طریقے سے اقتدار کی منتقلی کیلئے پارلیامنٹ اور اسمبلیوں کو اپنی مدت پوری کرنے دی جائے، مدت پوری ہونے پر نگران حکومت کے ہوتے ملک بھر میں ایک ہی دن پر شفاف عام انتخابات ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں جو جماعت اکثریت حاصل کرے اسے حکومت بنانے کا حق حاصل ہو، ملک عمران خان کی سازشوں اور انتشار کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا، تمام جمہوری سیاسی قوتیں مل کر عمران خان کی سازشوں کا مقابلہ کرینگی، یوٹرن لیڈر کی جیل بھرو اور انتخابات کراؤ کی تحریک بھی ایک اور یوٹرن ثابت ہو گی۔
نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ عمران خان کو چاہیے کے انہیں جھوٹے سائفر کا مشورہ دے کر پہنسانے والے شاہ محمود قریشی کو پارٹی کے عہدے سے ہٹائے، اگر عمران خان مزید شاہ محمود قریشی کے مشوروں پر چلے تو ان کی سیاست بھی ختم ہو جائے گی۔
