Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مہنگائی کی نئی لہر، پی ٹی آئی رہنماؤں کی حکومت پر کڑی تنقید

منی بجٹ کے اثرات کے باعث عوام مہنگائی کی نئی لہر کا شکار ہوگئی ہے،  موجودہ حکومت نے قیمتیں بڑھانے کے سارے ریکارڈ توڑ دیے، جس پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی جانب سے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ10 ماہ قبل عمران خان وزیراعظم کے دور میں پیٹرول 149 روپے، ڈیزل 145 روپے، آٹا 50 روپے کلو، ڈالر 176روپے، برآمدات 32 ارب ڈالر اور ترسیلات زر 32 ارب ڈالر رہی جبکہ مہنگائی 12 فیصد رہی۔

انہوں نے کہا کہ اب رجیم چینج پی ڈی ایم حکومت شہباز وزیراعظم کے دور میں پیٹرول 272روپے، ڈیزل 280روپے، آٹا 160روپے کلو، ڈالر 270روپے اور مہنگائی 35 فیصد ہوئی۔

امپورٹڈ حکومت کو عوام کی کوئی پرواہ ہے ؟

دوسری جانب علی محمد خان نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کل امپورٹڈ حکومت نے عوام پہ منی بجٹ کا میگا بم گرایا لیکن بکاؤ میڈیا نے توجہ ہٹانے کیلئے اکثریتی پروگرام عمران خان صاحب کی گرفتاری اور کیسز پر کیے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت کو عوام کی کوئی پرواہ ہے؟ کوئی شرم کوئی حیا ہے؟

مزمل اسلم کا اسحاق ڈار پر طنزیہ وار

اپنے ٹوئٹر پر ماہر معاشیات مزمل اسلم نے اسحاق ڈار پر طنزیہ وار کرتے ہوئے کہا کہ ڈار صاحب مفتاح چھوڑیں شاہد خاقان، خرم دستگیر، احسن اقبال اور دیگر پارٹی کے لوگوں سے سیدھے منہ بات نہیں کرتے اور چلے چارٹر کرنے۔

ہم مہنگائی کیخلاف مارچ کریں گے

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مہنگائی سے متعلق اپنے ایک بیان میں کہا کہ کل حکومت نے آئی ایم ایف کی ایماء پر منی بجٹ پیش کیا، 170 ارب روپے کے مزید ٹیکسز عوام پر لگائے، عوام پر مزید بوجھ ڈالا جا رہا ہے، اس منی بجٹ سے عوام کی زندگیاں مزید مشکل ہوجائے گی۔

اسد قیصر نے کہا کہ ہم اس مہنگائی کے خلاف مہنگائی مارچ کریں گے اور ہم مہنگائی مارچ میں اس بجٹ سے انکار کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام اس اسمبلی کا بجٹ قبول نہیں کرے گی، اس اسمبلی کے فیصلوں کو نہیں مانتے جس میں اکثریتی ممبران موجود ہی نہ ہو۔

اضافی ٹیکسز سے معیشت قبر تک چلی جائے گی

خرم شیر زمان نے کہا کہ حکومت کا پیش کردہ منی بجٹ ان کی نالائقی کی نشانی ہے، اضافی ٹیکسز کا بوجھ عوام پر ڈال کر ملک کو مزید دیوالیہ کے قریب لیکر جایا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر مبنی مالیاتی بل سے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جاسکتی ہے، اضافی ٹیکسز سے معیشت مزید وینٹیلیٹر سے قبر تک چلی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں؛ پاکستان میں رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں مہنگائی کی شرح 33 فیصد ہونے کا امکان

متعلقہ خبریں

Exit mobile version