Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک و قوم کی تباہی کی ذمہ دار امپورٹڈ سرکار ہے، یاسمین راشد

پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی تباہی کی ذمہ دار امپورٹڈ سرکار ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت لاہور کے ٹاون صدور اور جنرل سیکرٹری کا اہم اجلاس ہوا جس میں ڈورٹو ڈور کمپین کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ڈاکٹر یاسمین راشد نے تمام ٹاؤن صدور اور جنرل سیکرٹری کو فوری طور پر اپنی اپنی یونین کونسل میں ڈور ٹو ڈورکمپین شروع کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ لاہور کے تمام ٹاؤن صدور اور جنرل سیکرٹری ڈور ٹو ڈور کمپین پر فوکس کریں، گھر گھر کا دروازہ کھٹکھٹائیں اور عمران خان کا عوام تک پیغام پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ راوی شالامار نشتر داتا گنج بخش اور سمن آباد ٹاؤن میں پی ٹی آئی نے ڈور ٹو ڈور کمپین مکمل کرلی ہے اور تحریک انصاف ڈور ٹو ڈور مہم میں ابھی تک لاہور کے پانچ ٹاؤن میں ڈھائی لاکھ گھرانوں تک عمران خان کا پیغام پہنچا چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عزیز بھٹی، والٹن لاہور کینٹ، علامہ اقبال واہگہ اور گلبرگ ٹاؤن میں دو ٹو ڈور مہم کا شروع کرنے جا رہی ہے۔

یاسمین راشد نے کہا کہ ملک قوم کی تباہی و بربادی کی ذمہ دار شہباز سرکار ہے، ملک میں  نواز شریف اور آصف زرداری مافیا کی حکومت ہے، نون لیگ اور پیپلز پارٹی شکست کے خوف سے انتخابات کروانے سے بھاگ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور انکے حواریوں کے اوسان خطا ہو چکے ہیں، ملک و قوم کی تباہی بربادی کی مریم نواز کے چچا شہباز شریف کی سرکار ذمہ دار ہے، نون لیگ اور پیپلزپارٹی والے اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے، عمران خان خود کئی بار عدالت میں پیش ہو چکے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا کہ شیخ رشید نے فسطائی حکومت  کے اوچھے ہتھکنڈوں کا  ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، تحریک انصاف شیخ رشید کی رہائی کا خیر مقدم کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version