ناصر شاہ نے کہا ہے کہ شیخ رشید اتنی بدزبانی کرے جتنی کل خود بھی برداشت کرسکیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید لنگڑے گھوڑے پر سوار ہوکر اتنی بدزبانی کرے جتنی کل خود بھی برداشت کرسکیں، شیخ رشید جب بلاول صاحب کے حوالے سے بات کریں تو اپنے زبان سنبھال کر بات کیا کریں۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری جب جیل گیا تو خود کو منڈیلا اور شہباز گل خود کو چی گویرا سمجھنے لگے، شیخ رشید جیل سے باہر آکر کود کو پھولن دیوی سمجھ رہا ہے، پھولن دیوی کا دماغ ٹھکانے لگ جائے گا جب یہ جیل میں چکی پسے گا۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ شیخ رشید جب گرفتار ہو رہا تھا تو سپاہی کے کندھے پر سر رکھ کر رو رہا تھا اور اب ببھکیاں مار رہا ہے، لگتا ہے جیل میں شیخ رشید کا سافٹ ویئر اپڈیٹ نہیں ہوا یہاں سندھ کی جیل آئے تو اس کی اصلاح ہو جائیگی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شیخ رشید کو جب سے پنڈی والوں نے ٹھڈے مارکر نکالا ہے تب سے یہ عمران کا جوٹھہ کھانے پر مجبور ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ضمیر فروش شیخ رشید سرفروش فورس بنانے کی بات کرکے کس کو دھمکا رہا ہے، رمضان شریف کا مبارک مہینہ آ رہا ہے سب شیطان بند ہو جائینگے۔
واضح رہے اس سے قبل راولپنڈی میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ صرف پندرہ دن کے لیے سسرال گیا تھا اور مخالفین کی کانپیں ٹانگ گئیں۔ میں نے تو ابھی کچھ کہا ہی نہیں، ابھی تو چوروں اور ڈاکوؤں کا لحاظ کر رہا ہوں۔
شیخ رشید نے کہا تھا کہ مریم بی بی کا بیانہ ان کے گھر میں تسلیم نہیں کیا جا رہا۔ یہ حکومت تمہاری نہیں تو کس کی ہے، نام لو۔ مریم نواز اپنے شوہرکوتو ساتھ ملاؤ۔ جرأت کریں اور بتائیں کس کی حکومت ہے؟
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا تھا کہ چوروں نے عوام کی زندگی عذاب بنا دی ہے۔ عمران خان کو کہا ہے کہ فیصلہ کرنا ہے آر کرنا ہے یا پار کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے میرے گھرمیں ڈکیتی کی۔ اتوار کی شام تک ملہت دیتا ہوں، چیزیں واپس کردیں ورنہ پرچہ کراؤں گا۔
شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس میں بولی نہ لگتی تو سمجھ جاتا۔ عمران خان کو ووٹوں کی خریدو فروخت کے ذریعے نکالا گیا۔ سب سے بڑے سیاسی ڈاکو کا نام آصف زرداری ہے، آصف زرداری نے چال چلی اور ن لیگ تباہ ہوگئی۔
سابق وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ عوام کے پاس روٹی نہیں اورانھوں نے 88 ممبران کی کابینہ بنا رکھی ہے۔ بلاول ایسے ایسے ممالک میں جا رہا ہے جن کو نقشے میں دیکھنا پڑتا ہے۔ملک قحط کی طرف جا رہا ہے، ملک میں اپریل میں خانہ جنگی ہو جائے گی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 15 دن میں اہم لوگوں کے ساتھ بات چیت ہوئی۔ جب تک عمران خان چوروں کے خلاف ڈٹا ہوا ہے میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ میں زرداری یا نواز شریف نہیں ہوں کہ معافی نامہ لکھ کر بھاگ جاؤں گا۔ ڈرپوک نہیں ہوں عمران خان سے پہلے گرفتاری دوں گا۔
شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ 10 ہزارکنٹینرز پورٹ پر کھڑے ہیں مزدور بے روزگار ہیں۔ سندھ میں بولی لگا کر پی ڈی ایم کی حکومت آئی۔ ان کے گلے میں ہاتھ ڈال کر الیکشن کرانا ہوں گے۔ یہ لوگ الیکشن لڑنے کے قابل نہیں ہیں، یہ صوبوں اور مرکز کے ایک ساتھ الیکشن کرانا چاہتے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا مزید کہنا کہ ڈریکولہ کہتا تھا کہ آؤں گا تو ڈالر دو سو کا ہو جائے گا یہ کبھی بھی ڈالر دو سروروپے کا نہیں کر سکتے، حرام کا مال کھانے کے علاوہ ان کو کوئی بیماری نہیں۔
