Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک میں بدامنی کی ذمہ دار حکومت ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں بدامنی کی ذمہ دار حکومت ہے۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حقوق قبائل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام کا یہاں جمع ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع پر مشتمل علاقہ واحد خطہ ہے جو اللہ کے علاوہ کسی کے آگے سر نہیں جھکاتے، یہ وہ علاقہ ہے جس کے عوام کسی کے محتاج نہیں ہے، اللہ نے اس خطے کو بہت سے قدرتی وسائل سے مالا مال کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کے عوام نے 22 سو کلو میٹر سرحد کی حفاظت خود کیا ہے، آج ضم اضلاع کے عوام گھروں، مساجد اور جنازہ گاہوں میں محفوظ نہیں ہے۔

 ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کے عوام سے اسلحہ لیا گیا اور ان کو ایسا چھوڑا گیا، قبائلی اضلاع سے جرگہ سسٹم ختم کیا گیا بزرگ ختم ہوگئے۔

 سراج الحق نے کہا کہ آج بدمنی کی وجہ سے لوگ پریشان ہے اس کے ذمہ دار کون ہے؟ آج بدامنی کی ذمہ دار حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام کو بھی وہی سہولیات دیں جو لاہور میں لوگوں کو حاصل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے نہ امن دیا، نہ سکول بنائے، نہ ہسپتال ،لوگوں کو کوئی سہولت نہیں دی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج قبائلی اضلاع کے ہر گھر میں یتیم بچے ہیں، یہاں پر کچھ قوتیں جب چاہے بدامنی پھیلاتے ہیں جبکہ ہم کسی سے ڈرتے نہیں,، قبائلی اضلاع کے حقوق کے لئے نتیجہ خیز جنگ کریں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت سےکہتا ہوں کہ اگر آئین پر عمل نہیں کرے گے تو یہ ملک ٹکڑے ٹکڑے ہوجائے گا اور ایک نہیں بہت سے بنگلہ دیش بنے گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے کہتا ہوں شہباز شریف کی حکومت امن قائم نہیں کرسکتی تو گھر جائے، ہمیں آپ کی حکومت کی ضرورت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے حکومت کے وزارء بھتہ دیتے تھے، وزارء صرف اپنی جانوں کی حفاظت کے لئے بھتہ دیتے تھے شرم آنی چاہیئے۔

سراج الحق نے کہا کہ ان لوگوں نے عوام کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا، ان لوگوں نے اپنے سرمایہ میں کوئی کمی نہیں کی لیکن عوام کو قربانی کے لئے پیش کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب اور زلزلہ کے نام پر پیسہ آیا لیکن انہوں نے ہڑپ کرلیا، توشہ خانہ کے تحائف کو بھی نہیں چھوڑا۔

 ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کے ہوتے ہوئے 100 سال میں بھی ملک ترقی نہیں کرسکتا، اغیار کے کہنے پر فیصلہ کرنے والے قوم کو خوشحال نہیں کرسکتے۔

 ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم قبائلی اضلاع کے حقوق کے لئے تحریک شروع کررہے ہیں، ہم سب نے خود کو تیار کرنا ہوگا میں آپ کا ساتھ دونگا، ہم ہر ضلع میں جائے گے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ اگر امن قائم نہیں کیا گیا تو پھر ہم اسلام آباد کی طرف جائے گے۔

متعلقہ خبریں