پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کا کراچی میں جلد کاروبار بند کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سینئر رہنما خرم شیر زمان نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا کہ کراچی میں حکومت کا جلد کاروبار بند کرنے کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے عوام کو مستقل معاشی اور ذہنی اذیت میں رکھنے کی قسم کھائی ہوئی ہے، حکومت شہر میں کاروبار بند کرنے کے بجائے اپنے کھاتے بند کرنے پر غور کرے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی معاشی اعتبار سے پاکستان کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہے، کراچی میں جلد کاروبار بند ہونے سے ملکی معیشت پر گہرا اثر ہو گا، پہلے ہی ملک دیوالیہ کے قریب ہے، تاجروں کو پریشان کرنا بند کیا جائے، حکومت کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم عدالت میں حکومت کی عیاشیوں کے حوالے سے تمام حقائق سامنے رکھیں گے، حکومت کے دوغلے فیصلے کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
