وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صدر مملکت پی ٹی آئی کی ہر چال میں اپنا حصہ ضرور ڈالتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ناصر شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کراچی کے ایم این ایز کا استعفوں کی منظوری کے خلاف درخواست دائر کرنا مضحکہ خیز ہے، پہلے یہ سیاسی شہید اور اب سیاسی غازی بننے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ درخواست ثابت کرتی ہے کہ پی ٹی آئی والے استعفیٰ دینے کے فیصلے کو اپنی قیادت کی غلطی سمجھتے ہیں۔
ناصر شاہ نے کہا کہ اسی طرح جیل بھرو تحریک کے قیدی رہنماؤں نے ضمانتوں کی درخواستیں داخل کرنا شروع کر دی ہیں، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی والے جیل بھرو تحریک کے فیصلے کو بھی اپنی قیادت کا اناڑی پن سمجھتے ہیں، اب اسد عمر اور شاہ محمود قریشی جیل بھرو تحریک کے غازی بننے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب آپ اپنے سارے فیصلوں کو اپنی غلطی سمجھتے ہیں تو عمران خان قوم سے معافی مانگے، صدر عارف علوی پی ٹی آئی کی ہر چال میں اپنا حصہ ضرور ڈالتے ہیں، اب صدر علوی پر بھی لازم ہے کہ جیل بھرو تحریک کا حصہ بنیں یا عمران نیازی کے فیصلوں کو غلط قرار دے۔
یہ بھی پڑھیں؛ شیخ رشید اتنی بدزبانی کرے جتنی کل خود بھی برداشت کرسکیں، ناصر شاہ
