گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جو معاشی حالات پاکستان کے ہیں اس کا اندازہ 75 سال بعد پتا چلا ہے جبکہ اب سننے میں آرہا ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا، تھوڑے بہت مسائل ہیں لیکن پاکستان کا مستقبل بہت تابناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی برادری ہمیشہ حکومت کو سپورٹ کرتی ہے اور بہترین مشورے دیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چائے کی پتی کے متعلق جو مسائل ہیں انہیں حل کرنے کے لئے اقدامات کرینگے، فیصل سبزواری سے بھی کنٹینرز ڈیمرجز کلیئر کرنے کے لئے بات کریں گے، پیر کو پاکستان ٹی کے ممبران میرے پاس آجائیں اسے حل کریں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چائے کے ساتھ پاکستانیوں کا لگاؤ ہے، سالانہ 50 ارب روپے پاکستانی قوم چائے پی لیتی ہے، پاکستان میں ٹی ایسوسی ایشن کا کلیدی کردار ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ تاجر برادری جو مسائل میں گھری ہوئی ہے اسے سپورٹ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کوشش کر رہا ہے ہر فیلڈ میں جہاں گیپ ہے لوگوں کو مواقع فراہم کئے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مارچ کے پہلے ہفتے میں آئیں گے اور بزنس کمیونٹی کو ان سے ملاقات کراؤں گا، ہماری کوشش ہے ہم ان مشکلات سے نکل آئیں ہمارے پاس وسائل کی کمی نہیں ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان نے ہر سیکٹر میں نام پیدا کیا ہے، بس تھوڑے اچھے انسان بھی بن جائیں تو سب بہتر ہو جائے گا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے سیلاب سے متاثرہ افراد کو نہیں بھولنا، انکی مدد کررھہے ہیں اور کریں گے۔
