Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہبازشریف کی کٹھ پتلی حکومت کا کوئی مستقبل نہیں، پرویزالہٰی

پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ شہبازشریف کی کٹھ پتلی حکومت کا کوئی مستقبل نہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے گجرات میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے قوم سے خطاب میں مجھ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، عمران خان نے میرا اور میرے ساتھیوں کا دل جیت لیا ہے۔

پرویزالہٰی نے کہا کہ اپنے خطاب میں عمران خان نے خود مجھے تحریک انصاف کا صدر بنانے کا اعلان کیا اور میری کمٹمنٹ کا اعتراف کیا جو میرے لیے باعث فخر ہے جبکہ میں اس اعتماد پر عمران خان کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بطور صدر میری پہلی ترجیح پنجاب کے الیکشن میں تحریک انصاف کی دو تہائی اکثریت سے جیت اور پنجاب میں پھر سے عمران خان کی حکومت کا قیام ہے، اس مقصد کیلئے عمران خان کی مشاورت سے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی کٹھ پتلی حکومت کا کوئی مستقبل نہیں، قوم عمران خان کو پھر سے وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کر چکی ہے۔

 پرویزالہٰی کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان نیک نیت سیاستدان اور قوم کے سچے خیرخواہ ہیں، عمران خان کی نیک نیتی کے باعث ہی اللہ تعالیٰ بھی ان کے فیصلوں میں برکت ڈال رہا ہے اور اللہ اپنے نیک نیت بندوں کو ہمیشہ اسی طرح نوازتا اور کامیاب کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ آئین پر پہرہ دے رہی ہے، نااہل حکمران ٹولے اور الیکشن کمشنر کی پنجاب میں الیکشن ملتوی کرانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے مزید کہا کہ حکمران ٹولہ عمران خان کے راستہ میں جو ریت کی دیواریں کھڑی کر رہا ہے، الیکشن میں عوام کا سیلاب ان ریت کی دیواروں کو بہا کر لے جائے گا۔

اس موقع پر سابق ایم این اے سید فیض الحسن شاہ، سابق ارکان صوبائی اسمبلی پنجاب ساجد احمد خان بھٹی، چودھری عبداللہ یوسف، باؤ محمد رضوان، خدیجہ عمر فاروقی، چودھری سلیم سرور جوڑا، چودھری لیاقت بھدر، چودھری محمد ارشد، میاں محمد اختر حیات، محمد رشید چودھری، محمد طارق تارڑ، گلریز افضل گوندل، احسان الحق اور میاں عمران مسعود  بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version