Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ترکیہ میں سردی سے بچاؤ کے خیمے فضائی راستے سے بھیجے جائیں، وزیر اعظم

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ترکیہ میں سردی سے بچاؤ کے خیمے فضائی راستے سے بھیجے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے پاکستان کی طرف سے جاری امدادی کاروائیوں پر جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس کو ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے پاکستان کی طرف سے بھیجی جانے والی امداد کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا جبکہ اجلاس کو چیئرمین این ڈی ایم اے کی طرف سے سردی سے بچاؤ کے خیموں کی تیاری کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کی طرف سے اس وقت تک مجموعی طور پر زلزلہ متاثرین کیلئے 8 ہزار سے زائد سردی سے بچاؤ کے خیمے جبکہ 37 ہزار سے زائد کمبل بیجے جا چکے ہیں۔

بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پروازوں میں روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 8 سے 15 ٹن امدادی سامان کے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے بھیجا جار ہا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 28 فروری 2023 کو پاکستان نیوی کا ایک بحری جہاز تقریباً ایک ہزار ٹن امدادی سامان لے کرشام اور ترکیہ روانہ ہو رہا ہے جس میں شام کے متاثرین کیلئے جنریٹرز، خشک راشن، دوائیاں جبکہ ترکیہ کے متاثرین کیلئے سردی سے بچاؤ کے خیمے اور کمبل شامل ہیں ، اس کے علاوہ 21 این ایل سی کے ٹرکوں کا قافلہ 251 ٹن امدادی سامان لے کر 25 فروری 2023 کو ترکیہ کے شہر ملاطیہ پہنچ چکا ہے۔

اجلاس کو ملک گیر امدادی مہم کے بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ مختلف خیراتی و انسانی ہمدردی کی تنظیموں کی طرف سے این ڈی ایم اے کے کلیکشن سینٹرز پر جمع ہونے والی اشیاء کو زمینی و فضائی راستے سے ترکیہ اور شام بھیجا جا رہا ہے جن میں گرم کپڑے، دوائیاں، کمبل، اشیاء خورونوش، جنریٹر وغیرہ شامل ہیں۔

شام کے سفیر نے پاکستان کی طرف سے بھیجی جانے والے مدد کے مثبت ردعمل اور شام میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے بچوں کی طرف سے ایک امدادی ٹرک اور 2 کروڑ سیرئین پاؤنڈ کی امداد کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

ترکیہ میں پاکستان کے سفیر نے اجلاس کو بتایا کہ ترکی میں اب بھی سردی سے بچاؤ کے خیموں اور کمبلوں کی اشد ضرورت ہے، امدادی سرگرمیوں کو منظم رکھنے کیلئے ترکیہ میں پاکستانی سفارتخانہ ترک حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔

وزیرِ اعظم نے ان خیموں کی تیاری و ترسیل کو 23 مارچ تک مکمل کرکے 50 ہزار خیمے فضائی راستے سے ترکیہ بھجوانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے ترکیہ میں سردی سے بچاؤ کے خیموں کی بقایا کھیپ کی تیاری و ترسیل 23 مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ میں سردی سے بچاؤ کے خیمے فضائی راستے سے بھیجے جائیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version