Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیر اعظم کا سولر آئیزیشن منصوبے کے حوالے سے بڑا فیصلہ

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے سولر آئیزیشن منصوبے کے حوالے سے بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک بھر میں سرکاری عمارتوں کی سولرآئیزیشن پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے سولرآئیزیشن منصوبے کے حوالے سے بڑا فیصلہ لیتے ہوئے اسلام آباد کی سرکاری عمارتوں میں آئندہ 7 ہفتوں میں سولر سسٹم نصب کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعظم نے متعلقہ اہلکاروں کو منصوبہ معینہ مدت میں مکمل کرنے کی واضح ہدایت کی اور کہا کہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کیلئے اقدامات کے نفاذ میں کسی قسم کا تعطل برداشت نہیں کرونگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ باقی ملک میں وفاقی سرکاری عمارتوں کی سولرآئیزیشن پر کام بھی فوری شروع کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کم لاگت اور ماحول دوست بجلی سے عوام کی جیب پر بوجھ کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 496، ملک کے بڑے شہر بشمول کراچی، لاہور، فیصل آباد، کوئٹہ میں 340 اور دیگر علاقوں میں 1255 سرکاری عمارتوں پر سولر پینلز لگائے جائیں گے اور اسلام آباد میں موجود سرکاری عمارتوں میں سولر پینلز کی تنصیب کا کام ہنگامی بنیادیوں پر کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے متعلقہ اہلکاروں کو منصوبہ معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسلام آباد میں شہباز شریف سے چینی کمپنی کے وفد کی ملاقات ہوئی تھی جس میں وفد نے سولرآئیزیشن
منصوبے میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی کا اظہار کرنے پر وزیراعظم نے انہیں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی تھی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین ہمارا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، چینی کمپنیاں سولرآئیزیشن منصوبے میں حصہ لیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا تھا کہ چین پاک اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت اربوں ڈالرز کے منصوبے لگے، سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version