وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے ترک اور شامی بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ اور شام میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والوں کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ریسکیو ٹیموں نے جس طرح ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کی خدمات سرانجام دی ہیں اس پر پاکستان کی حکومت اور عوام ان کے شکرگزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ترکیہ کے دورہ کے موقع پر اپنی ٹیم کو جانفشانی سے کام کرتے دیکھا، ان سب کا شکریہ ادا کرنے کیلئے انہیں یہاں مدعو کیا ہے، انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کی لاج رکھی جبکہ ان کی کاوشوں کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان دوستی میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ترکیہ کے زلزلہ متاثرہ عوام آج پاکستان کی جانب دیکھ رہے ہیں، اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کے پاس وسائل کی کمی یا امداد نہیں ہے لیکن وہ انسانی اور اسلامی رشتہ کے ناطے اخوت اور محبت کی بنیاد پر ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔
شہباز شریف نے امدادی ٹیم کے اراکین کو پوری قوم کا ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے ترکیہ کے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے، گو کہ پاکستان کو مشکلات بھی درپیش ہیں لیکن اپنے بھائیوں کو بچانے کیلئے اپنے وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مسلمانوں کے تعلقات صدیوں پرانے ہیں، پاکستان اپنے ترک اور شامی بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا اور معاشی مشکلات کے باوجود برادر ملکوں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔
