Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکشن کمیشن کا پنجاب میں انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسران عدلیہ سے لینے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب میں انتخابات کے لئے ریٹرننگ افسران عدلیہ سے لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کے لئے جوڈیشل افسران فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔

ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ انتخابات کیلئے ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر ماتحت عدلیہ سے ہوں گے۔ انتخابات کیلئے ریٹرننگ آفیسر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر سول ججز ہوں گے اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسران، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کیلئے ججز کی فہرست تیاری 3 مارچ سے شروع ہوگی، پنجاب کی 297 جنرل نشستوں پر الیکشن کرائے جائیں گے اور پنجاب بھر میں 150 سے زائد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز تعینات کیے جائیں گے۔

ذرائع الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ پنجاب میں انتخابات کیلئے 300 سے زائد سول ججز اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ہوں گے اور ضلعی اداروں کے سربراہان ریٹرننگ افسران کی معاونت کریں گے۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کی تیاریاں شروع

دوسری جانب خیبرپختونخوا اور پنجاب میں عام انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں، الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشان کے حصول کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتیں اپنے نمائندوں کے ذریعے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو درخواستیں دیں، الیکشن ایکٹ کے سیکشن 216 کے تحت درخواستیں جمع کرائی جائیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ انتخابی نشان کے حصول کیلئے 8 مارچ تک درخواست جمع کرائی جائے، الیکشن ایکٹ سیکشن 206 کے تحت درخواست کے ساتھ بیان حلفی بھی جمع کرایا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 90 دن میں انتخابات کروانے کا حکم دیا، عدالتِ عظمٰی نے سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کا محفوظ فیصلہ سنایا۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا کے پی اور پنجاب میں 90 دن میں انتخابات کروانے کا حکم

متعلقہ خبریں

Exit mobile version