Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قوم مجرموں کے ٹولے کو مسلط کرنے کی قیمت ادا کررہی ہے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ قوم مجرموں کے ٹولے کو مسلط کرنے کی قیمت ادا کر رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم کی 11 ماہ کی حکومت میں روپے کا قتل عام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی 11 ماہ کی حکومت کے دوران روپے کی قدر میں انتہائی گراوٹ آئی اور روپے کی قدر 62 فیصد کم ہوئی جس کے نتیجے میں عوامی قرضوں میں چودہ ٹریلین روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان میں مہنگائی 75 سال کی تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے اور اس میں 31 اعشاریہ 5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے آفیشل ٹوئٹر پر بتایا تھا کہ فروری میں مہنگائی کی شرح 31.5 فیصد ریکارڈ کی گی جو 75 سالہ تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی ہے۔

پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ 200 سے ڈالر نیچے لانے کا دعویٰ کر کے آئے تھے، انہوں نے ڈالر 285 سے اوپر پہنچا دیا، نا کوئی شرم نا حیا۔

یہ بھی پڑھیں: ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کر دیے

واضح رہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے، ادارہ شماریات نے ماہانہ مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کردیے۔

ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق  ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی میں 4.32 فیصد کا اضافہ ہوگیا ہے جسے کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح 31.55 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی تا فروری مہنگائی کی شرح 26.19 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ شہروں میں مہنگائی کی شرح میں 4.54 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 4.01 فیصد کا اضافہ ہوا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version