Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجاب حکومت کا عورت مارچ کے شرکاء کو سیکیورٹی دینے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کی جانب سے عورت مارچ کے شرکاء کو سیکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے بتایا کہ عورت مارچ کے شرکاء کو پولیس کی مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

عامر میر نے کہا کہ عورت مارچ میں شریک خواتین کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، حکومت کی جانب سے عورت مارچ کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔

صوبائی وزیر عامر میر نے مزید کہا کہ نگران حکومت شخصی آزادیوں پر یقین رکھتی ہے، امید ہے عورت مارچ پر امن طریقے سے منعقد ہو گا، عورت مارچ کے منتظمین کے تحفظات دور کر دیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سول سوسائٹی، خواتین کی نمائندہ مختلف این جی اوز اور ٹرانس جینڈرکمیونٹی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر لاہور میں عورت مارچ کے انعقاد کی اجازت کے لئے درخواست دی تھی جسے ڈپٹی کمشنر لاہور نے 8 مارچ کو جماعت اسلامی کے حیاء مارچ اور دیگر تنظیموں کے احتجاج کے باعث عورت مارچ انتظامیہ کو ناصرباغ، ایوان اقبال، الحمرا اور مال روڈ پر مارچ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کی رپورٹس کے مطابق عورت مارچ کے حوالے سے کافی تھریٹ الرٹس ہیں اس لئے درخواست مسترد کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ عورت مارچ کی آرگنائزنگ کمیٹی نے 8 مارچ کو ناصرباغ لاہور کے قریب مارچ کا فیصلہ کیا ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ عورت مارچ ان کا آئینی حق ہے اور وہ اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

اس حوالے سے منتظمین 6 مارچ کو اہم پریس کانفرنس میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version