Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے غیر قانونی قبضہ چھوڑنا ہوگا، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا، بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے غیر قانونی قبضہ چھوڑنا ہوگا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے صحافیوں کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ  دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے امیر قطر کی دعوت پر قطر کا اہم دورہ کیا،  قطر کانفرنس میں شہباز شریف نے پاکستانی نقطہ نظر رکھا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے امیر قطر سے ملاقات کرکے تجارت اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ امریکا کے اہم دورے پر ہیں

انکا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری امریکا کے اہم دورے پر ہیں، وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ میں فلسطین اور کشمیر مظالم پر بات کی، انہوں نے اسلام میں خواتین کے حقوق اور کردار پر کانفرس سے خطاب کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان انسداد دہشت گردی پر اہم مشاورت ہوئی، 2016ء کے بعد پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی پر ڈائیلاگ ہوا، پاکستان اور امریکا کے درمیان دہشت گردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ آئندہ ہفتے وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر بحرین اور برطانیہ کے اہم دورے کریں گی، حنا ربانی کھر 10 مارچ کو بحرین میں مناما کانفرنس میں شرکت کریں گی، حنا ربانی کھر برطانیہ میں کامن ویلتھ فارن منسٹرز کانفرنس میں بھی شرکت کریں گی۔

وزارت خارجہ میں افغان امور کیلئے خصوصی ڈیسک کام کررہا ہے

ترجمان دفتر خارجہ سے سوال کیا کہ وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان صادق خان کے مستعفیٰ ہونے کے بعد پاکستان کی طرف سے افغان معملات کون دیکھ رہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ میں افغان امور کے لیے خصوصی ڈیسک کام کررہا ہے، وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری احسن شاہ افغان امور سر انجام دے رہے ہیں۔

وزیرخارجہ بھارت کا دورہ کرینگے یا نہیں؟ فیصلہ ہوتے ہی آگاہ کردیا جائیگا

ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں واضح کیا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے شنگھائی تعاون تنظیم کے بھارت میں اجلاس میں شرکت کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا، وزیر خارجہ بھارت کا دورہ کریں گے یا نہیں، فیصلہ ہوتے ہی آگاہ کردیا جائے گا۔

صحافی نے ترجمان دفتر خارجہ سے سوال کیا کہ بھارتی رہنما نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر بھارت کا حصہ ہے اور جلد یہ عملاً اکھنڈ بھارت بن جائے گا؟ جس پر ترجمان نے کہا کہ آزاد کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا، بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے غیر قانونی قبضہ چھوڑنا ہوگا۔

ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کشمیری خواتین پر ظلم جاری رکھے ہوئے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 20 سالوں میں 682 خواتین کو قتل، 11 ہزار خواتین کی عزتیں لوٹی گئیں۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کے ذریعے ظلم کررہا ہے، کشمیر بین الاقوامی متنازعہ علاقہ ہے، بھارتی رہنما اپنے سیاسی عزائم کے لئے بین الاقوامی تنازعات پر گفتگو سے پرہیز کریں۔

پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا ہے

انکا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا ہے، پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ہندوستان کے ملوث ہونے کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی بحریہ کا حاضر سروس افسر دہشت گرد کارروائی پر پاکستان میں زیر حراست ہے، پاکستان دہشت گردی کا مقابلہ کرنا جانتا ہے اور دہشت گردوں کو شکست دی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version