Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شعیب شیخ کی گرفتاری، زمان پارک میں پی ٹی آئی کارکنان کا احتجاج

لاہور: بول نیوز کے کو چیئرمین شعیب احمد شیخ کی گرفتاری پر زمان پارک میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کا احتجاج جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق زمان پارک کے باہر تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی جاری ہے۔

پی ٹی آئی کے کارکنان کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ شعیب شیخ کو رہا کرو، بول کو بولنے دو۔

کارکنان کا کہنا ہے کہ شعیب احمد شیخ کی گرفتاری آزادی رائے کو دبانا ہے، ان کو فوری رہا کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بول نیوز کے شریک چیئرمین شعیب احمد شیخ عدالت میں پیش ہونے کے لیے اسلام آباد پہنچے تھے، جہاں نامعلوم افراد انہیں اسلام آباد ایئرپورٹ سے ساتھ لے گئے۔

یہ بھی پڑھیں؛ بول نیوز کے شریک چیئرمین شعیب شیخ گرفتار

بول نیوز کے سینئر اینکر پرسن سمیع ابراہیم کا کہنا تھا کہ نہیں معلوم کس نے شعیب شیخ کو اٹھایا ، شعیب شیخ کو گرفتار نہیں بلکہ اغوا کیا گیا ہے۔

بعدازاں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بول نیوز کے شریک چیئرمین شعیب شیخ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر قسم کے دباؤ کے باوجود شعیب شیخ حقیقی صحافت کے ساتھ کھڑے رہے ، جو جمہوریت کا حسن ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جب سے امپورٹد حکومت آئی ہے انہوں نے میڈیا پر پریشر رکھا ہے، وہ پریشر یہ ہے کہ عمران خان کو میڈیا سے باہر کرو، تحریک انصاف کی کوریج کم کرو۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کبھی اس طرح کا پریشر میڈیا ہاؤسز پر نہیں ڈالا گیا اور زیادہ تر میڈیا نے ہمارا بلیک آؤٹ کردیا لیکن ہمارا سب سے زیادہ بول اور شعیب شیخ نے ساتھ دیا، میں شعیب شیخ کو داد دیتا ہوں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ میں پاکستانیوں کی طرف سے شعیب شیخ اور بول کو کہتا ہوں کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version