جھنگ سے معروف سیاسی شخصیت اور سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم نے زمان پارک میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اور پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
https://twitter.com/SheikhWaaqas/status/1634527121925185538
سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران عامر کیانی اور فواد چوہدری بھی موجود تھے۔
بعد ازاں شیخ وقاص اکرم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عمران خان کے ہمراہ تصویر اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا ’’الحمداللہ تحریک انصاف میں شمولیت‘‘۔
شیخ وقاص اکرم نے عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی حقیقی آزادی کی تحریک اور منشور کی مکمل حمایت کا بھی اعلان کیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے شیخ وقاص اکرم کی تحریک انصاف میں شمولیت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور انہیں مبارکباد بھی دی۔
واضح رہے کہ شیخ وقاص اکرم نے 2013 میں مسلم لیگ (ق) کو چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا تھا اور وہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 115 سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
