پنجاب میں عام انتخابات کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن پنجاب سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل کو خط لکھ دیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسر ماتحت عدلیہ سے لینے کی درخواست کر دی۔
خط کے متن کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 50 اور 51 کے تحت درخواست کی گئی۔ آئین پاکستان کے آرٹیکل 218 کا حوالہ دیا گیا ہے۔
خط کے متن میں مزید کہا گیا کہ پنجاب کے انتخابات میں ریٹرننگ آفیسر ماتحت عدلیہ سے لیے جائیں۔ صاف شفاف انتخابات کے لئے یہ عمل ضروری ہے۔
خیال رہے کہ سابق سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے خط الیکشن کمیشن پنجاب کے آفس میں موصول کروایا۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پولنگ 30 اپریل کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے پبلک نوٹس 11 مارچ کو جاری کیا جائے گا جبکہ کاغذات نامزدگی 12 سے 14 مارچ تک جمع کرائے جاسکیں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 15 مارچ کو جاری کی جائے گی جبکہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی 22 مارچ تک کی جائے گی اور امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اعتراضات 3 اپریل تک دائر کیے جا سکیں گے۔
بعدازاں ریٹرننگ آفیسر امیدواروں کی حتمی فہرست 4 اپریل کو جاری کرے گا جبکہ امیدوار 5 اپریل تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
شیڈول کے مطابق ریٹرننگ آفیسر 6 اپریل کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کرے گا۔
