لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب کے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے 30 اپریل کو ہونے والے انتخابات کے لئے پنجاب کے 36 اضلاع کے 297 حلقوں میں 7 ہزار 566 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پنجاب میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے لئے 623 خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور اقلیتوں کی نشست کے لئے 170 افراد نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
اس کے علاوہ پنجاب میں لاہور کی 30 نشستوں کے لئے 1070 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی حتمی فہرستیں آج شام جاری کی جائیں گی جس کے بعد کاغذات کی جانچ پڑتال کا سلسلہ شروع ہو گا۔
دو روز قبل پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے 30 اپریل کو ہونے والے انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں دو دن کا اضافہ کردیا تھا۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر نے مریم نواز نے 3 حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ مریم نواز پی پی 149، پی پی 153، پی پی 173سے الیکشن لڑیں گی جس کے لئے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن کے دفترمیں جمع کروا دیے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پولنگ 30 اپریل کو ہوگی۔
پنجاب میں انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے آر اوز اور ڈی آر اوز اور اے آر اوز کی تعیناتی سے متعلق بتایا کہ پنجاب میں انتخابات کیلئے 36 ڈی آر اوز کی تعیناتی کردی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ڈی آر اوز کو بیوروکریسی سے لیا گیا ہے، پنجاب میں انتخابات کیلئے 297 آر اوز کی تعیناتی کردی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں انتخابات کیلئے آراوز، ڈی آر اوز اور اے آر اوز تعینات
الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے آراوز بیوروکریسی سے لیے گئے ہیں تاہم پنجاب میں انتخابات کیلئے 594 اے آر اوز کی بھی تعیناتی بھی کردی۔
الیکشن کمیشن نے خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں کیلئے بھی آر او کی تعیناتی کردی، اس سلسلے میں خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں کیلئے سعید گل کی بطور آر او تعیناتی کی گئی۔
