پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم اقتدار نہیں مسائل کا حل چاہتے ہیں۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتساب کی بات سب کرتے ہیں احتساب کا نظام دیکھ لیں، صرف الزام لگانا اور کیس نہ چلنا سب سے بڑی ناانصافی ہے۔
انصاف کے نظام میں انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے
انہوں نے کہا کہ نئے چیئرمین نیب سے کہتا ہوں سیاستدانوں کے کیسز الگ کردیں اور باقی لوگوں کے کیسز کا از سر نو جائزہ لیا جائے، انصاف کے نظام میں انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دس دس سال کیسز عدالتوں میں ہیں کیس چلتے نہیں، نئے چیئرمین نیب سے امید ہے انصاف کی فراہمی کو دیکھیں گے۔
انکا کہنا ہے کہ ایٹمی اثاثوں سے متعلق بیان پر اسحاق ڈار کو پارلیمان کے اراکین کو ان کیمرہ اجلاس بلا کر اعتماد میں لینا چاہیے، اپنے ملک کے مفادات کا تحفظ سب کی ذمہ داری ہے، اگر کسی نے مفادات پر کمپرومائز کیا ہے تو پارلیمنٹ کی معلومات ہونی چاہیے۔
ملک کا سابق وزیراعظم قانون کی پروا نہیں کریگا تو کوئی نہیں کریگا
لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کو سیاست کے لئے لاشیں چاہیے، حکومت عمران خان کو ایسا موقع نہیں دینا چاہتی، عمران خان بزدلوں کی طرح گھر بیٹھنے کے بجائے گرفتاری دیں دو تین دنوں میں ضمانت مل جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جس کے وارنٹ ہیں اسکے پاس چوائس نہیں ہوتی، عمران خان دعوے کرتے رہے کہ ان کو میں نے گرفتار کیا ہے، ان کے وارنٹ حکومت نے یا نیب نے جاری نہیں کیے۔
شاہد خاقان نے کہا کہ ملک کا سابق وزیر اعظم قانون کی پروا نہیں کرے گا تو کوئی نہیں کرے گا، ایک علاقے کی پولیس از خود دوسرے علاقے میں کارروائی نہیں کرسکتے، یہ نظام عمران خان ماضی میں چلاتے رہے، سیاسی لیڈر جیلیں بھی کاٹتے ہیں حالات کا سامنا بھی کرتے ہیں۔
سیاسی قائدین کے اثاثے بیچنا مسائل کا حل نہیں
انکا کہنا ہے کہ ہم اقتدار نہیں مسائل کا حل چاہتے ہیں، نوجوانوں کو اعتماد میں لیکر انکی مایوسی ختم کرنا چاہتے ہیں، آج پارلیمان مفلوج ہے، پانچ برسوں سے ملکی مسائل پر پارلیمان پر بات ہوتی نہیں دیکھی۔
یہ بھی پڑھیں: شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ
لیگی رہنما نے کہا کہ سیاسی قائدین کے اثاثے بیچنا مسائل کا حل نہیں، جائزہ لینا ہوگا حالات یہاں تک کیسے پہنچے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعلق حکومت سے نہیں ہے
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعلق حکومت سے نہیں ہے، ڈی جی اوگرا کو خود قیمتوں کا اعلان کرنا چاہیے۔
شاہد خاقان نے مزید کہا کہ نواز شریف سیاست کے لئے علاج کے لئے باہر گئے ہیں، ہم نے انہیں سیاست سے الگ کردیا ہے، بیرون ملک جانے ہر تحائف ملتے ہیں، تحفہ ہمیں نہیں ریاست کو ملتا ہے، حکومت نے طریقہ کار طے کیا ہوا ہے، طے شدہ رقم کی ادائیگی کے بعد تحائف لئے جاتے ہیں۔
