ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اب ایم کیو ایم احتجاج نہیں ظلم کے خلاف مزاحمت کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان رہنما خالد مقبول صدیقی نے ایم کیو ایم کے یوم تاسیس کے حوالے سے باغ جناح میں کئے جانے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مارچ کا مہینہ ہماری روشن و جاوید تاریخ کا تسلسل ہے، آج 18 مارچ کا دن آنے والے 23 مارچ کے عزم کا آعادہ ہے، 23 مارچ 1940 کو لاہور کے منٹو پارک میں مسلمانان برصغیر کا اجلاس ہوا، اس دن مسلمانان ہند نے شکایت کے بجائے مزاحمت کا اعلان کیا اور 23 مارچ کا پاکستان کے نظریے کی عملی بنیاد بنی، اگر 23 مارچ پاکستان بنانے کا اجتماع تھا تو 18 مارچ پاکستان بچانے کا ارادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے پاکستان بنانے کا ارادہ کیا تھا 18 مارچ کو انکی اولادوں کو پاکستان بچانے کا وعدہ کرنا پڑا، 25 لاکھ جانوں کی قربانی انسانی تاریخ میں کبھی کسی جدوجہد نے نہیں دی۔
یہ بھی پڑھیں؛ کراچی کو اختیارات دیں ملک خود کفیل ہوجائے گا، خالد مقبول صدیقی
ان کا کہنا تھا کہ 23 مارچ 1940 کی طرح آج بھی پاکستان بچانے والوں کا نمائندہ اجلاس یہاں جاری ہے، آج یہاں اس جلسے میں پورے پاکستان کی نمائندگی ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم پاکستان کے مظلوموں محکموں کو ایک نظریے اور جدوجہد کے سائے تلے جمع کریں۔
یہ بھی پڑھیں؛ اس سال ایم کیو ایم نے نئے اور تازہ سفر کا آغاز کیا ہے، خالد مقبول صدیقی
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ طاقت ہماری تہذیب نہیں، تہذیب ہماری طاقت ہے، ہماری اپنی قوم کو غلامی سے بچانے کے لئے ایک نئی اور تازہ جدوجہد کا آغاز کرنا ہے، ہمیں سب سے پہلے پاکستان کے غریبوں کو آئینی تحفظ فراہم کرنا ہے، ایسی جمہوریت جسکے ثمرات عام پاکستانی کی دہلیز پر پہنچیں اسکی جدوجہد کرنا ہے۔
