Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پولیس کا پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن، پی ٹی آئی رہنماؤں کا ردعمل

پولیس کے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن پر پی ٹی آئی رہنماؤں کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر کا ردعمل

مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے پولیس کے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے، تحریک انصاف کے ورکرز کی گرفتاریاں اور ان کے گھر والوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، ان کو حضرت علی کا قول بتاؤ کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے، لیکن ظلم کا نظام نہیں۔

 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا ردعمل 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے پولیس کے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکن گرفتار کر لئے گئے ہیں، ملک میں بدترین فسطائیت ننگا ناچ رہی ہے اور عدلیہ بے بس نظر آتی ہے، عوام میڈیا، عدلیہ اور سیاسی کارکنوں کے ساتھ بدترین فسطائیت کے سامنے کھڑے ہوں، ورنہ یہ ملک ایسے راستے پر ہے کہ واپسی نہیں ہوگی، خدا پاکستانیوں کی حفاظت کرے۔

 

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا ردعمل 

 چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینیٹر شبلی فراز کے گھر پولیس چھاپے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس چادر اور چار دیواری کا احترام کرے، شبلی فراز رکن سینیٹ ہیں، چیئرمین سینیٹ نے آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

 

سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کا رد عمل

سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے پولیس کے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کی سینیئر قیادت پر لاہور زمان پارک میں غیر قانونی حملے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے پر بجلی گھر اور ایئرپورٹ روڈ تھانوں میں ایف آئی آر کاٹی گئی ہے، اس فسطائیت کی پرزور مذمت کرتا ہوں، انصاف لائیرز فورم کے وکلاء کو قانونی معاونت کےلیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کا ردعمل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے پولیس کے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میرے حلقے سے کارکنان کی گرفتاری کا عمل شروع ہے، مجھ سمیت تقریباً 500 لاہور کے کارکنان کی فہرست تیار ہے، بدھ کے جلسے کے زبردست انتظامات جاری ہیں اور متبادل افراد کو ذمے داری سونپی بھی جا چکی ہے، ایسے فاشسٹ ہتھکنڈوں کا پچھلے 11 ماہ سے مقابلہ کر رہیں ہیں اور کرتے رہیں گے۔

 

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے تاہم پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر پولیس نے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردیں۔

تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو کارکنان کی گرفتاری کا ٹارگٹ مل گیا، آج صبع سات بجے تک ہر تھانے کا ایس ایچ او اپنی کارگردگی رپورٹ پیش کرے گا۔

تحریک انصاف کے یونین کونسل کے امیدوار پینلز کے تمام ممبران کو گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا ہے، ایس ایچ اوز اپنی ریڈ میں گرفتار کارکنان کی تعداد اعلی افسران کو بتائیں گے۔

اسلام آباد پولیس کا سینیٹر شبلی فراز کے گھر چھاپہ

اسلام آباد پولیس نے سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف سینیٹر شبلی فراز کے گھر چھاپہ مارا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے شبلی فراز کے گھرکی تلاشی لی جبکہ سینیٹر شبلی فراز اسلام آباد میں موجود نہیں تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ اسلام آبادخواتین اہلکار بھی پولیس ٹیم کے ہمراہ تھیں اور پولیس نے سنیٹر شبلی فراز کے اہلخانہ اور ملازمین کو ہراساں کیا۔

پولیس کا سابق ایم این اے راجہ خرم نواز کے گھر چھاپہ

اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف سابق ایم این اے راجہ خرم نواز کے گھر بھی چھاپہ ہے۔

پولیس چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے گھر میں گھس گئی، راجہ خرم گھر پر موجود نہ تھے۔

اس حوالے سے تحریک انصاف سابق ایم این اے راجہ خرم نواز کا کہنا ہے کہ پولیس نے گھر میں توڑ پھوڑ کی، ان اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، عمران خان کے لئے جان بھی قربان کر دو گا۔

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان اور عامر شیخ کے گھر پولیس کا چھاپہ

تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا جبکہ عامر شیخ سینئر نائب صدر تحریک انصاف اسلام آباد کے گھر بھی پولیس نے چھاپہ مارا ہے، چھاپے کے دوران گھر کے دروازے اور کیمرے توڑ دیئے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version