Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عمران خان کا پی ٹی آئی کے تمام کارکنان کی فوری رہائی کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پی ٹی آئی کے تمام کارکنان کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں فسطائیت اپنے عروج پر ہے جہاں پولیس ہمارے کارکنوں کو پکڑنے کیلئے بغیر وارنٹس گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کارکن گھروں میں موجود نہیں وہاں 10برس تک کے کم سِن بچوں کو اٹھایا جارہا ہے۔

چیئرمین عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے تمام کارکن اور ان کے بچے کو فوراً رہا کیا جائے جنہیں اغوا کیا جا چکا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے پولیس کے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے، تحریک انصاف کے ورکرز کی گرفتاریاں اور ان کے گھر والوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، ان کو حضرت علی ؓ  کا قول بتاؤ کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے، لیکن ظلم کا نظام نہیں۔

بعدازاں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ لاہور اور اسلام آباد میں تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں کے گھروں پر چھاپہ مارا گیا، اس وقت تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکن پولیس کی تحویل میں ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پولیس 10 سال کے بچوں کو بھی پکڑ رہی ہے، پولیس نے چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا اور عورتوں پر تشدد کیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا تاہم پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر پولیس نے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردیں۔

تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو کارکنان کی گرفتاری کا ٹارگٹ مل گیا، آج ہر تھانے کا ایس ایچ او اپنی کارگردگی رپورٹ پیش کرے گا۔

تحریک انصاف کے یونین کونسل کے امیدوار پینلز کے تمام ممبران کو گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا ہے، ایس ایچ اوز اپنی ریڈ میں گرفتار کارکنان کی تعداد اعلیٰ افسران کو بتائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version